جمعیۃ علماء مہا راشٹر کی کامیاب پیری کے نتیجہ میں اکولہ خصوصی عدالت کا اہم فیصلہ
ممبئی :۲۶؍ اپریل ۔دہشت گردانہ سازش رچنے کے الزام میںامراوتی سینٹرل جیل میں گزشتہ پانچ برسوں سے قید وبند کی صعوبتیںجھیلنے والے ،شاکر خلجی کی جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے لیگل ٹیم کی کامیاب پیروی کے نتیجہ میں آج یہاں اکولہ خصوصی عدالت نے اے ٹی ایس کی جا نب سے ابھی تک ملزم کے خلاف عدالت کوئی ثبوت فراہم نہ کئے جانے کی بنیاد پر ضمانت کی منظوری عمل میں آئی ہے ،جس سے شاکر اور اس کے اہل خانہ کو کافی راحت حاصل ہوئی ہے۔ اس بات کی اطلاع آج یہاں اس مقدمہ کو مفت قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی نے دی ہے۔
واضح رہے کہ شاکر خلجی ولد محمد عقیل خلجی ساکن کھنڈوہ مدھیہ پردیش کو مہا راشٹر اے ٹی ایس نے۲۰۱۲ء میں اورنگ آباد میں پولس فائرنگ اور انکائونٹر کے بعد گرفتار کیا تھا اور اس پر سیمی سے تعلق رکھنے ، دہشت گردانہ کاروائی انجام دینے ،مہلک ہتھیار رکھنے ،فرضی دستاویزات بنانے، تعزیراتِ ہند اور یو اے۔ پی اے جیسے سخت ترین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا ۔لیکن گرفتاری سے لے کر آج تک اے ٹی ایس اس کے خلاف عدالت میں آج تک اپنے دعوی کے مطابق کوئی خاطر خواہ ثبوت پیش نہیں کر سکی ہے جس کی بنیاد پر ہی اکولہ سیشن کورٹ کے جج اے ایس جادھو صاحب نے ملزم کی ضمانت منظور کردی ہے۔
جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے صدر مولانا حافظ ندیم صدیقی نے ملزم شاکر خلجی کی ضمانت پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ جب یہ مقدمہ ہمارے پاس پیروی کے لئے آیا تھا تو ہم نے اپنے ذرائع سے ملزم کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کئے ، جس سے ہمیں معلوم ہوا کہ ملزم بے قصور ہے اور پولیس نے زیادتی کی ہے۔ ہم نے اپنے وکلاء سے صلاح ومشورہ کے بعد اس مقدمے کی پیروی کا فیصلہ کیا ۔الحمدا للہ ہمارے وکلاء نے انتہائی محنت اور ایمانداری سے اس کی پیروی کی جس کے نتیجے میں عدالت نے ملزم کی ضمانت کو منظور کر لیا ہے۔ لیکن یہ کامیابی کا صرف ایک مرحلہ ہے، اس کے بعد ہماری کوشش ہوگی کہ ملزم کو باعزت بری کرایا جائے۔جمعیۃ علماء مہا راشٹر کی جا نب سے اس مقدمہ کی پیروی ایڈوکیٹ تہور خان پٹھان جمعیۃ لیگل سکریٹری کی نگرانی میں ایڈوکیٹ دلدار اور ایڈوکیٹ صدیق شیخ کر رہے ہیں کررہے تھے ۔