بیڑ آتشزدگی معاملہ متاثرہ دکان مالکان کو جمعیۃعلماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) کی ڈیڑھ لاکھ روپئے کی امداد


ممبئی ۳۰؍ مارچ
علاقہ مراٹھواڑہ کے مسلم اکثریتی آبادی والے شہر بیڑ میں گزشتہ دنوں شب تین بجے آتشزدگی کا معاملہ پیش آنے سے معصوم کالونی بیڑ میں واقع ۷؍ دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں ۔جس میں کم و بیش ۳۵؍ لاکھ روپئے کی مالیت کے سامان کا نقصان ہوا۔ جمعیۃعلماء مہاراشٹر نے ڈیڑھ لاکھ روپئے کے ذریعہ متاثرین کی فوری امداد کی۔
حادثہ کی خبر جمعیۃعلماء ضلع بیڑ کے صدر حافظ محمد ذاکر صدیقی و دیگر ذمہ داران کے توسط سے ریاستی جمعیۃعلماء کے ذمہ داران کو ملی،خبر موصول ہوتے ہی جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے جنرل سکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی نے صدر و ذمہ داران سے تبادلہ خیال کے بعد جائے حادثہ کے معائنہ کے لئے علاقہ مراٹھواڑہ سے سہ رکنی وفد(قاری امین الدین جامعی،مجیب شیخ اورحافظ عبد العظیم شاہ) روانہ کیا ،وفد نے جائے واقعہ پر پہونچ کر نقصانات کا جائزہ لیااور اپنی سروے رپورٹ ریاستی دفتر کو ارسال کی ،جس میں متاثرین کے نقصانات کا تخمینہ درج تھا ۔
اس رپورٹ کی روشنی میں ریاستی جمعیۃ علماء کے ذمہ داران نے ۶؍ دکان مالکان کو فی کس پچیس ہزار روپئے دینے کا فیصلہ کیا ،اور بذریعہ ڈیمانڈ ڈرافٹ جمعیۃ علماء ضلع بیڑ کے توسط سے متاثرین کے درمیان تقسیم کیاگیا۔
واضح رہے کہ مذکورہ آتشزدگی کا واقعہ ۱۲؍ ۱۳؍ مارچ کی درمیانی شب میں پیش آیا ،جس میں فرنیچر کی دکانوں کا کافی نقصان ہوا ۔بتایا جاتا ہے کہ یہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی ہے ،لیکن رات کا وقت ہونے کی وجہ اس پر جلد قابو نہیں پایا جا سکا ،جس سے فرنیچر اور ولڈنگ کی ۷؍ دکانیں جل کر خاکستر ہو گئیں ۔