یہ ملک کسی کی جاگیر نہیں ہے جسے جو جیسا چاہے گا ویسا ہی کریگا، اسے عوام کو جواب دینا ہوگا۔ پرینکا گاندھی

’’جاگو اور ملک بچاو‘‘ کی اپیل کی۔ اب نہیں بیدار ہوگے تو بہت پچھتانا پڑے گا

الہ آباد : کانگریس کی جنرل سکریٹر ی پرینکا گاندھی نے پیر کو بی جے پی حکومت پر عوامی مسائل حل کرنے اور ان سے کئے گئے وعدوں کا نباہنے میں مکمل ناکام رہنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ صرف کانگریس ہی عوامی خواہشات کاتحفظ اور اس کے خوابوں کی تکمیل کرسکتی ہے۔

پریاگ راج سے وارنسی کے سہ روزہ’’آبی سفر‘‘ کے پہلے پڑاؤ سرسا میں محترمہ واڈرا نے عوامی اجتماع کو خطاب کرتے ہوئے کہا’’ آپ ہیں تو ہم ہیں، ہم آپ سے ہیں۔ آپ ہم سے نہیں۔ آپ اپنے لئے حکومت کا انتخاب کریں۔ ملک آپ کا ہے۔ملک کی حفاظت آپ کریں گے۔ملک کی ذمہ داری آپ کی ہے۔ آپ اپنے آپ کو پہنچانئے۔

انہوں نے کہا’’ آپ لوگ بہت اونچا اسٹیج تیار کر کے لیڈروں کو اس پر براجمان کرتے ہیں اور خود نیچے بیٹھتے ہیں۔ یہ ٹھیک نہیں ہے۔ یہ ملک آپ کا ہے ، اس کے حفاظت کی ذمہ داری آپ کے سر ہے۔ عوام کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا۔ ان کے دکھ درد کو سمجھنا ہوگا۔

کانگریس نومنتخب جنرل سکریٹری نے کہا کہ موجودہ حکومت چار یا پانچ لوگ کےذریعہ چلائی جارہی ہے۔جنہوں نے سوچا تھا کہ وہ جو چاہیں گے کرسکتے ہیں۔ لیکن یہ ان کی بھول ہے۔یہی چار پانچ لوگ عام آدمی کو گمراہ کر کے اقتدار پر قابض رہنا چاہتے ہیں۔ یہ وقت وقت پر ذات اور مذہب کی سیاست کر آپ لوگوں کو آپس میں لڑواتے ہیں۔ عوام ان سب سے پریشان ہیں اور اب تبدیلی چاہتے ہیں۔

واڈرا نے کہا کہ یہ ملک کسی کی جاگیر نہیں ہے جسے جو جیسا چاہے گا ویسا ہی کریگا، اسے عوام کو جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے لوگوں سے ’’جاگو اور ملک بچاو‘‘ کی اپیل کی۔ اب نہیں بیدار ہوگے تو بہت پچھتانا پڑے گا۔