مسلم پرسنل لاء بورڈ کے وفد کی این سی پی لیڈر سپریا سولے سے ملاقات
ـــــ
ممبئی ۲۹ جنوری ـ آل انڈیامسلم پرسنل لاء بورڈ خواتین ونگ ممبئی کا ایک وفد آج صبح وائی بی چوہان پرتستھان قلابہ میں این سی پی کی سینیئر لیڈر سپریا سولے سے ملا، وفد کی اراکین نے پاریمنٹ میں طلاق بل کے خلاف مسسز سولے کی زبردست تقریر پر تحسینی کلمات ادا کئے اورمسلم عورتوں کے مسائل پر ان کے بے باک موقف پر ان کا شکریہ ادا کیا ـ
اس وفد کے ہمراہ بورڈ کے مرد ممبران ڈاکٹر ظہیر قاضی، مولانا محمود دریابادی، فرید شیخ اور سلیم موٹر والا بھی تھے، بورڈ ممبران نے حکومت کے پیش کردہ تین طلاق بل کے بارے بولتے ہوئےکہا کہ یہ بل مسلم خواتین کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کرنے والا تھا، اس سے چھوٹے بچوں کے حقوق بھی شدید متاثر ہوتے ـ اراکین وفد نے یہ بھی کہا کہ ممکن ہے ایک بار پھر آنے والے بجٹ اجلاس میں اس طرح کا قانون پیش کیا جائے اس میں بھی ہم یہی چاہیں گے کہ آپ اسی طرح بے باک انداز میں اس ظالمانہ بل کی مخالفت کریں ـ
جواب میں سپریا سولے کہا کہ میں نے پارلیمنٹ میں جو کچھ کیا وہ کسی پر احسان نہیں بلکہ میرا فرض تھا، ہندوستان میں تمام لوگوں کے حقیقی مسائل پانی سڑک بجلی بے روزگاری غریبی وغیرہ ہیں، طلاق جیسے ذاتی مسائل اور مذہبی معاملات میں لوگوں الجھا کر سیاست کی جارہی ہے، مذہب ہر شخص کا ذاتی معاملہ ہے اسی طرح کوئی عورت ساڑی پہنے یا برقعہ اوڑھے یہ بھی اس کی مرضی ہے، سرکار کو اس میں نہیں پڑنا چاہیئے ـ انھوں نے یقین دلایا کہ وہ آیندہ بھی اسی طرح سچائی کا ساتھ دیتی رہیں گی ـ
وفد میں شامل خواتین مونسہ بشری عابدی، سمیہ نعمانی، ذکیہ فریدشیخ، تسنیم موٹروالا، صالحہ عشقے اور نصرت کوٹ والا نے مسلم عورتوں کی بہترین نمائندگی کی اور مختصرا مسلم پرسنل لاء کی اہمیت اور ضرورت سے متعلق سپریا سولے کو بتایا ـ
ملاقات میں این سی پی کے مقامی لیڈر سہیل صوبیدار بھی موجود تھے ـ
رابطہ: 9820135838