بھکتوں کو خوش کرنے کیلئے اس طرح کی حرکتیں آئین اور عدلیہ کی توہین۔ڈاکٹر منظور عالم

بھکتوں کو خوش کرنے کیلئے اس طرح کی حرکتیں آئین اور عدلیہ کی توہین۔ڈاکٹر منظور عالم
نئی دہلی۔29جنوری
بابری مسجد ۔رام جنم بھومی تنازع معاملہ سپریم کورٹ میں زیر بحث ہے ۔یہ بات سبھی جانتے ہیں کہ جب تک عدلیہ کا فیصلہ نہیں آجاتاہے حکومت اس بارے میں کچھ بھی نہیں کرسکتی ہے ۔ متنازع اراضی پر تین اسٹے لگا ہواہے ۔ایک الہ آباد ہائی کورٹ کا اور دو سپریم کورٹ کا ۔حکومت بھی اچھی طرح جانتی ہے کہ اس کے اختیار میں کچھ بھی نہیں ہے اور نہ ہی وہ چاہ کربھی کچھ کرسکتی ہے ۔ان تمام حقائق کے باوجود بی جے پی حکومت آئین اور عدلیہ کے خلاف بیان دے رہی ہے ۔ غیر ضروری عرضیاں داخل کررہی ہیں ۔سپریم کورٹ کوچیلنج کررہی ہے اورجوپورا جمہوری نظام ہے اس کے خلاف محاذ کھول رکھاہے جو افسوسناک اورجمہوریت کی توہین ہے ۔ان خیالات کا اظہار آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کیا ۔
انہوں نے مزید کہاکہ ایسا لگتاہے کہ بی جے پی اپنے کیڈر اورووٹرس کو بے و قوف سمجھتی ہے یا پھر انہیں اندازہ ہے کہ محض تسلی دلاکر وہ ان کا اعتماد جیت لے گی اس لئے یہ سب کیا جارہاہے ۔2019 میں ووٹ حاصل کرنے کیلئے اس طرح کے شوشے چھوڑے جاتے ہیں جبکہ سچائی خود حکومت اور بی جے پی کوبھی معلوم ہے کہ متنازعہ اراضی پر اسٹے لگاہواہے ۔جب تک فیصلہ نہیں آجاتاہے حکومت وہاں کچھ بھی نہیں کرسکتی ہے ۔
ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کہاکہ منتخب حکومت کی جانب سے آئینی ادارو ں کی مخالفت کرنا،ان پر دباؤ ڈالنا ،اپنی منشاء کے مطابق کام کرنے کیلئے ہنگامہ کرنا ۔ججز کو دھمکی دینا جمہوریت کے خلاف ،آئین کی توہین اور ملک سے غداری پر مبنی ہے ۔ ایک جمہوری ملک میں اس طرح کی حرکتیں نہیں ہونی چاہیئے ۔عوام کو بھی سمجھنا ، دیکھنا چاہیئے اور یہ ذہن میں رہنا چاہیئے کہ اس طرح کی حرکتیں محض جذبات سے کھیلنے لالی پاپ دکھانے اور خوش کرکے اپنا مفاد حاصل کرنے کی کوشش ہوتی ہے ۔زمینی سطح پر یہ ناممکن ہے اور خود حکومت کو بھی اس کا مکمل یقین ہے ۔
ڈاکٹر محمد منظور عالم نے مزید کہاکہ 2019 کے الیکشن میں ووٹ حاصل کرنے اور بھکتوں کو گمراہ کرنے کی محض ایک سازش ہے ۔عوام کوسرکار بے وقوف بنارہی ہے ۔وہ یہ پیغام دینا چاہتی ہے کہ ہم نے رام مندر بنانے کی ہر ممکن کوشش کی ۔پوری طاقت جھونک دی لیکن عدلیہ نہیں ہونے دیا ۔اگر رام مندر کی تعمیر نہیں ہوئی ہے تو اس کیلئے ہم ذمہ دار نہیں ہیں بلکہ عدلیہ ذمہ دار ہے ۔سپریم کورٹ مندر کے راستے میں رکاوٹ ہے ۔بی جے پی اپنے بھکتوں کواس طرح کی حرکتوں سے صرف یہ پیغام دے رہی ہے کہ رام مندر کی رکاوٹ میں صرف مسلمان نہیں بلکہ عدلیہ بھی ہے۔