تعلیمی نگہداشت اکائی کی افتتاح
آج ڈراپ آوٹ بچوں کا ایک بڑا مسئلہ ہمارے سامنے موجود ہے۔ بچوں کے اسکول چھوڑنےکی بہت سی وجوہات میں سے ایک اہم وجہ انھیں پڑھنا لکھنا نہ آنا ہے۔خادمان اردو فورم شولاپور کے زیر اہتمام ہر سال کی طرح امسال بھی چوتھا سالانہ عشرہ اردو2019 منایا جا رہا ہے۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی "تعلیمی نگہداشت اکائی”کی رسم افتتاح خادمان اردو فورم اور بیگم قمرالنساء کاریگر گرلز ہائ اسکول و جونیئر کالج کے اشتراک سے عمل میں آئی۔اس کمزوری کو محسوس کرتے ہوئے خادمان اردو فورم شولاپور نے شہر میں موجود مختلف مدارس میں زیر تعلیم طلبہ وطالبات میں جو بچے پڑھنا لکھنا نہیں جانتے یا پڑھنے لکھنے میں نہایت کمزور ہیں ایسے بچوں کی تعلیمی باز آباد کاری کے لئے چار مہینے کا ایک "مفت اُردو تدریسی کورس” شروع کیا ہے۔ جسے تعلیمی نگہداشت اکائی کہا جاتا ہے۔
اس اکائی کے ذریعہ شولاپور کے ماہر اساتذہ ان بچوں کو پڑھنا اور لکھنا سکھایں گے۔پچھلے سال اس قسم کے تقریبا 100 بچوں کو پڑھنا اور لکھنا سکھایا گیا جس کی وجہ سے آج یہ بچے بڑی خوشی خوشی پر اعتماد اسکول جارہے ہیں۔اسی سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے 9 جنوری 2019 بروز بدھ کو” بیگم قمرالنساء کاریگر گرلز ہائی اسکول” میں اس کورس” تعلیمی نگہداشت اکائی” کی "رسم افتتاح” ضلع شولاپور کی ایجوکیشن آفیسر عالی جناب سریکانت پاٹل صاحب کے ہاتھوں عمل میں آئی۔
اس تقریب میں پاٹل صاحب نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کے اس طرح کے پروگرام منعقد کرنے کی خاص ضرورت ہے۔کیوں کہ آج کا دور ٹی۔وی اور انٹر نیٹ کا دور ہے۔بچے کاغذ اور قلم کی بجائے موبائیل اور ریموٹ کنٹرول اپنے ہاتھوں میں رکھ رہے ہیں۔جس کی وجہ سے وہ تعلیم سے دور ہوتے چلے جارہے ہیں۔ اگر ایسے بچوں کو تعلیم کی صحیح راہ پر گامزن کیا جائے تو ان کا مستقبل سنور سکتا ہے۔ انھوں نے بچوں سے مخاطب ہوتےہوئے کہا کہ ایمانداری اور امانتداری کو اختیار کرو۔ماں باپ کاکہا مانو اور ان کی خدمت کرو۔ ماں باپ کی اچھی خدمت کرنے کے لئے اچھی تعلیم حاصل کرو۔انھوں نے مزید کہا کہ خادمان اردو فورم کے آئندہ پروگراموں میں جو مدد ان سے ہو سکے گی وہ کریں گے۔ ناظر تعلیم بھانجے صاحب نے کہا کہ آئندہ ضلع پریشد شولاپور کی جانب سے سائنس کا مختصر تجرباتی پروگرام خادمان اردو فورم شولاپور کے اشتراک سے لیا جائے گا۔
جلسہ کی صدارت پرنسپل صبینہ اختر انگلگی نےکی۔ خادمان اردو فورم کے صدر عالی جناب وقار شیخ صاحب نے ادارے کا تعارف اور تعلیمی نگہداشت اکائی کی اہمیت تفصیل سے بیان کی۔ ہفتم جماعت کی طالبہ جویریہ سوداگر نے بڑی خوش الحانی سے قرآن مجید کی تلاوت سے جلسے کا آغاز کیا۔ اس جلسے میں مہانگر پالیکا شولاپور ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی سپروائزر ممتاز شیخ صاحبہ،سابق ناظر تعلیم بختیار احمد دفعدار صاحب ، سابق صدر مدرس محی الدین منیار صاحب ، جاوید شکلگر صاحب شریک تھے۔ جلسے کی نظامت کنوینر ڈاکٹر عبدالرشید شیخ نے کی اور رسم شکریہ کنوینر رفیق خان صاحب نے ادا کی۔ پر امید اور خوشگوار ماحول میں جلسے کا اختتام ہوا۔ جلسے میں سابق صدر مدرس عبدالمنان شیخ صاحب ،نذیر منشی صاحب ، اساتذہ اور بڑی تعداد میں والدین وسرپرست حضرات موجود تھے۔