رافیل پر 10 بجے کانگریس کرے گی بڑا انکشاف، پی ایم مودی کی پریشانیاں بڑھیں

وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ خبر رساں ایجنسی اے این آئی کو انٹرویو دیے جانے کے بعد کانگریس نے یکم جنوری کو اسے زبردست طریقے سے تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ لیکن کانگریس کا جوابی حملہ یہیں پر ختم نہیں ہوا ہے بلکہ آج صبح 10 بجے رافیل معاملے پر بڑا انکشاف کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں کانگریس کے قومی ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے ایک ٹوئٹ کیا ہے۔ اس ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’رافیل گھوٹالے کے راز کا ہوگا سنسنی خیز انکشاف۔ کھل رہی ہیں گڑبڑ جھالے کی نئی سطحیں۔ کیا چھپا رہی ہے مودی حکومت؟ سنیے اور دیکھیے- آج 10 بجے۔ کانگریس کی پریس کانفرنس، میڈیا اسٹینڈ، سنسد بھون، دہلی۔‘‘ سرجے والا کے اس ٹوئٹ کے بعد لوگوں کو 10 بجنے کا انتظار ہے اور مودی خیمہ میں یقیناً بے چینی کا عالم ہوگا کہ اب کانگریس کیا تیر چلانے والی ہے۔