یونانی ڈے تقریبات کا شاندار آغاز ریجنل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف یونانی میڈیسن ،علی گڑھ میں’ یومِِ یونانی طب‘ کی تیاریاں زوروں پر
یہ خوش آئند امر ہے کہ حالیہ برسوں میں دیسی طبوں کے فروغ کے لیے حکومتی سطح پر سنجیدہ اقدامات ہورہے ہیں۔اِس سلسلے کی ایک کڑی ہندوستانی طریقہ ہائے علاج کے لیے حکومت کی طرف سے’ قومی دن منانے‘ کا فیصلہ بھی ہے۔یونانی طب میں حکیم اجمل خاں کی بیش بہا خدمات کی وجہ سے اُن کے یومِ پیدائش 11فروری کو’ یونانی ڈے ‘ کے طور پر منایا جاتا ہے۔اِس موقع پر وزارتِ آیوش ،حکومتِ ہند کے تحت قائم مرکزی کونسل برائے تحقیقات طب یونانی شاندار تقریبات کا اہتمام کرتی ہے اور طبی تعلیم و تحقیق کے میدان میں انجام پانے والے گراں قدر کاموں کی تحسین و پذیرائی کرتی ہے۔اس مرتبہ یونانی کونسل نے زیادہ بڑے پیمانہ پر ’ یونانی ڈے ‘ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔اس کے تحت کونسل کے ذیلی اداروں میں بھی تقریبات منعقد ہوں گی اور یہ سلسلہ مسلسل پچاس دونوں تک جاری رہے گا،جس کا کاؤنٹ ڈاؤن23دسمبر سے شروع ہورہا ہے۔اس دوران یونانی طب کی تشہیر ،عوامی اور علمی حلقوں میں اس کے خاطر خواہ تعارف کے لیے متعدد پروگراموں کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ڈاکٹر پرویز خاں نے اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ علی گڑھ میں واقع مرکزی کونسل برائے تحقیقات طب یونانی کے ادارہ ریجنل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف یونانی میڈیسن کے ڈپٹی ڈائرکٹر ڈاکٹر سرفراز احمد نے انسٹی ٹیوٹ میں ’یونانی ڈے‘ کی پچاس روزہ تقریبات کے لیے ایک جامع خاکہ مرتب کیاہے ۔اس ضمن میںیونانی طب کے سلسلے میں حکیم اجمل خاں کی خدمات کے تعارف اور عصری تناظر میں یونانی طب کی اہمیت اور افادیت پر لکچرز کی ایک سیریز رکھی گئی ہے،اس میں حکیم فخرعالم،حکیم مصباح الدین اظہراور طبیبہ حمیرہ بانو متعلقہ موضوعات پر خطبات پیش کریں گے۔انسٹی ٹیوٹ میں جاری تحقیقی اور معالجاتی سرگرمیوں سے لوگوں کو روشناس کرانے کے لیے مختلف تشہیری ذرائع کا استعمال اور طلبہ و اساتذہ میں فنی بیداری کے لیے کوئز کمپٹیشن اور مضمون نویسی کے مقابلوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس موقع پرعلی گڑھ شہر اور اس کے مضافات میں واقع قصبات اور دیہات کے باشندوں تک یونانی طب کی معالجاتی افادیت پہنچانے کے لیے بھی کئی اہم پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں ۔