بی جے پی کی شرمناک شکست کے بعد لگا ’مودی ہٹاؤ، یوگی لاؤ‘ کا نعرہ :اتر پردیش

اتر پردیش نو نرمان سینا کے قومی صدر امت جانی نریندر مودی کے خلاف تحریک میں انتہائی سرگرم ہیں اور انھوں نے صدائے احتجاج بلند کرتے ہوئے آئندہ 10 فروری کو دھرم سنسد بلانے کا اعلان کر دیا ہے۔

مدھیہ پردیش، راجستھان اور چھتیس گڑھ میں بی جے پی کی شرمناک شکست کے بعد اتر پردیش میں وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف ہندوتوا طاقتوں نے زبردست محاذ کھول دیا ہے۔ اتر پردیش کی سڑکوں پر باضابطہ نریندر مودی کو ہٹائے جانے کا مطالبہ کرتا ہوا پوسٹر نظر آ رہا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اگلی بار نریندر مودی کی جگہ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو وزیر اعظم بنائے جانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ نریندر مودی کے خلاف یہ مہم چلائی ہے ’اتر پردیش نو نرمان سینا‘ نے۔ لکھنؤ میں سماجوادی پارٹی دفتر کے قریب موجود چوراہے پر ایک ہورڈنگ بھی اس ہندوتوا تنظیم نے لگا دی ہے جس پر لکھا ہے ’یوگی نہیں تو ووٹ نہیں‘۔

جو ہورڈنگز اور پوسٹرس اتر پردیش میں لگے نظر آ رہے ہیں اس میں باضابطہ نریندر مودی بمقابلہ یوگی آدتیہ ناتھ کے مابین جنگ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ہورڈنگ میں وزیر اعظم کو جہاں ’جملے باز‘ کہہ کر پکارا گیا ہے وہیں یو پی کے وزیر اعلیٰ کو ’ہندوتوا کا برانڈ‘ بتایا گیا ہے۔ ہورڈنگ میں یہ اعلان بھی ہے کہ اتر پردیش نونرمان سینا 10 فروری 2019 کو لکھنؤ کے رما بائی امبیڈکر میدان میں ’دھرم سنسد‘ بلائے گی۔