مولانا اسرارالحق کا انتقال پرملال جامعہ رحمت گھگرولی میں تعزیتی اجلاس منعقد

آج جیسے ہی یہ اطلاع ملی کہ مولانااسرار الحق قاسمی مشہور عالم دین، مشہور قومی و مذہبی رہنما جو دارالعلوم دیوبند کے رکن شوریٰ، آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ، آل انڈیا ملی کونسل سمیت کئی تنظیموں اور جماعتوں کے رکن تھے اس کے علاوہ آل انڈیا ملی تعلیمی فاؤ نڈیشن کے بانی و صدر تھے آپ کشن گنج حلقہ سے مسلسل دو مرتبہ کانگریس کے ٹکٹ پر ایم پی منتخب ہوئے اور پارلیمنٹ میں قوم کی ترجمانی کی، آج اس دنیا سے رحلت فرما گئے۔
انا للہ وانا الیہ راجعون ۔
مولانا ؒ کے انتقال کی خبر سنتے ہی مولانا ڈاکٹر عبد المالک مغیثی مہتمم جامعہ رحمت گھگرولی نے گہرے رنج وغم کا اظہارکرتے ہوئے فوراً جامعہ ہذا میں طلبہ و اساتذہ کے ساتھ ایک تعزیتی اجلاس منعقد کرکے قرآن خوانی و دعاء مغفرت کا اہتمام کیا، مولانا مغیثی نے بتایا کہ مولانامرحوم ہمہ جہت خوبیوں کے حامل، سیاسی رہنما، باکمال خطیب اور عظیم کالم نگار کی حیثیت سے ہندوستان سمیت دنیا بھر میں مشہور و معروف تھے، مولاناؒ کی حیات از اول تا آخر جہد مسلسل سے عبارت تھی آپ کا خاص وصف تعلیم کی روشنی پھیلانا اور غریبوں کی خدمت کرنا تھا، آپ ملت اسلامیہ کے ایک دوراندیش عالم دین تھے، مولانا ؒ کی رحلت ملت اسلامیہ کا عظیم ترین نقصان ہے، جس کی بھرپائی مستقبل میں نا ممکن ہے، مولانا ؒ آل انڈیا ملی کونسل کے نائب صدر تھے، آپ نے تنظیم کے ڈھانچہ کو نمایاں کرنے میں بہت اہم کردار ادا کیا، انہوں نے اسلاف کی گراں نمایاں نسبتوں کو اپنے اندر جذب کرلیا تھا، جس سے ان کی شخصیت کا فیض ہر طرف پھیلا ہوا تھا، مولانا ؒ نے تقریباً پچاس سال قوم و ملت کی علمی، دینی، سماجی و رفاہی خدمات میں گزارے، آپ نے بہار، بنگال و جھارکھنڈ میں سیکڑوں مدارس و مکاتب دینیہ قائم کرکے جہالت کی تاریکی میں ڈوبے ہوئے علاقوں میں علم کا چراغ روشن کیا اور آخری سانس تک قوم وملت کی ہمہ گیر خدمات میں مصروف و سرگرم رہے، مو لانا ؒ کے حادثہ وفات سے علمی حلقوں کا ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے۔ اللہ تعالیٰ انہیں غریق رحمت عطا فرمائے، اور ان کی مغفرت فرماکر درجات بلند فرمائے پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ہمیں ان کا بہترین نعم البدل عطا فرمائے۔ مولانا عبداللہ مغیثی قومی صدر آل انڈیاملی کونسل نے بھی اپنے رنج و غم کا اظہار کیا، مولانا ؒ کا مولانا مغیثی سے بہت گہرا تعلق تھا، مولانا عبدالمالک مغیثی ضلع صدر آل انڈیا ملی کونسل سہارنپورنے کہاکہ خدام جامعہ رحمت و ملی کونسل ضلع سہارنپور یونٹ اور کارکنان مولانا اسرار الحق قاسمی ؒ کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔