دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کے اوپر ایک شخص نے مرچ پاؤڈر سے حملہ کیا ہے۔ حملہ آور کا نام انل ورما ہے، اسے پولس آئی پی اسٹیٹ پولس اسٹیشن لے کر گئی ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق دہلی سکریٹریٹ کے باہر اروند کیجریوال پر مرچ پاؤڈر ڈالا گیا اور کچھ پاؤڈر ان کی آنکھ میں بھی چلا گیا۔
حملہ ور انل شرما دہلی کے نارائنا کا رہنا والا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ دوپہر تقریباً 2 بج کر 10 منٹ پر کیجریوال پر اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ لنچ کے لئے چیمبر سے باہر نکل رہے تھے۔
عام آدمی پارٹی نے اس حملہ کے فوری بعد پریس کانفرنس کی اور حملہ کے لئے بی جے پی کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ عآپ کے رہنما سوربھ بھاردواج نے کہا کہ لوگوں کو یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ عآپ رہنماؤں پر جتنے چاہے حملے کرو آپ کا کچھ نہیں بگڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت اب حملہ آور کو بچانے میں لگ جائے گی اور اسے کوئی سزا نہیں ملے گی۔ سوربھ بھاردواج نے ناتھورام گوڈسے کا حوالہ دے کر کہا کہ ملک کا ماحول آج پھر ویسا ہی بنایا جا رہا جیسا گاندھی جی کے قتل کے وقت بنا دیا گیا تھا۔