وزیر اعظم مودی کو وعدہ یاد دلانے کیلئے 1350 کلو میٹر کا اس شخص نے پیدل سفر طے کیا ، راہل گاندھی نے کرائی یقین دہانی

اوڈیشہ کا رہنے والا ایک شخص 1350 کلو میٹر پیادہ پا سفر کرکے دہلی آیا ہے۔ اس کا مقصد ہے کہ وہ وزیر اعظم مودی سے ملاقات کرکے ان کے ادھورے وعدہ کو یاد دلاسکے ۔ 30 سالہ مکتی کانت بسوال چاہتے ہیں کہ وہ وزیر اعظم کو یہ بتا سکیں کہ راور قلع میں ملٹی اسپیشلیٹی اسپتال بنانے کا وعدہ پورا نہیں ہوا ہے۔

مکتی کانت نے قومی پرچم کے ساتھ اپنا سفر 16 اپریل کو شروع کیا تھا ۔ انہوں نے اپنا سفر گاوں کے ان لوگوں کیلئے شروع کیا ، جو بہتر طبی خدمات کا ابھی تک انتظار کررہے ہیں ۔ مکتی کانت نے کہا کہ سال 2015 میں وزیر اعظم مودی اوڈیشہ آئے تھے اور انہوں نے جنرل اسپتال کو سپر اسپیشلیٹی اسپتال میں تبدیل کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

مکتی کانت کے مطابق وزیر اعظم نے براہمنی پل کی تعمیر کا بھی وعدہ کیا تھا ، لیکن اب چار سال ہوگئے ہیں اور اب تک کچھ بھی نہیں ہوا ہے۔

اس پورے واقعہ پر کانگریس صدر راہل گاندھی نے بھی ٹویٹ کیا ہے۔ راہل گاندھی نے لکھا کہ وزیر اعظم نے تین سال پہلے راور قلع میں ملٹی اسپیشلیٹی اسپتال کا وعدہ کیا تھا ، اب مکتی کانت 1300 کلو میٹر چل کر دہلی آئے ہیں ، کیونکہ وزیر اعظم اپنا وعدہ پورا نہیں کرسکے اور لوگ مررہے ہیں۔ میں بسوال کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہندوستان کے لوگ اور کانگریس پارٹی وزیر اعظم کو ان کا وعدہ یاد دلاتی رہے گی۔