امن کانفرنس میں صدر ملی کونسل مولانا عبداللہ مغیثی کا شاندار خطاب اسلام کی ابتدائی تعلیم ہی رحم اور امن کے پیغا م پر مبنی رہی!

سہارنپور(احمد رضا)آج پوری انسانیت کو امن و آشتی کی ضرورت ہے، ہمارے بزرگوں اور اکابرین نے ہمیشہ سے اسلام کے اسی پیغام کو عام کیا ہے ذمہ داران قوم کو ہر میدان میں مثبت طور پر سرگرم عمل رہ کر عام کرنا چاہئے تاکہ ملک و ملت اور انسانیت پر اچھے نتائج برآمد ہوسکیں!ان اہم خیالات کا اظہار آل انڈیا ملی کونسل کے قومی صدر اور آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے رکن مولانا حکیم مولانا عبداللہ مغیثی نے سہارنپور سے متصل موضع ٹوڈرپور پوسٹ ناہرپور میں واقع مدرسہ عربیہ دارالقرآن کے زیر اہتمام امن عالم کانفرنس میں کیا! صدارتی خطاب کرتے ہوئے مولانا حکیم عبداللہ مغیثی نے فرمایا کہ اسلام کے معنی امن و سلامتی کے ہیں۔ یہی پیغام تمام مسلمانان ہند کو بحیثیت خیر امت عام کرنا فرض ہے۔ مسلمان باہمی اخوت و بھائی چارہ اور قومی یکجہتی کے علمبردار ہیں۔ ہمارے اکابرین نے ملک کی آزادی سے لے کر آج تک تعمیر و ترقی میں اپنا کردار نبھایا اور یہ ملک بھی اسی وقت ترقی کی منزلوں کو حاصل کر سکتا ہے جب یہاں بسنے والے ہندو، مسلم سکھ اور عیسائی و دیگر قومیں متحد ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر وہ کام جس سے نفرت کو ہوا ملے دہشت گردی کو شہ ملے اسلام اس کے خلاف ہے۔ مولانا عبداللہ مغیثی نے کانفرنس میں موجود لوگوں سے شراب نوشی اور تمام طرح کی انسانیت کے لئے نقصاندہ چیزوں سے بچنے کی تلقین کی۔ وطن سے محبت اور اس پر مر مٹنے کی عملی و قومی ترغیب و تعلیم کی ترغیب دلاتے ہوئے کہا کہ ہم کسی بھی قیمت پر بہے راہ روی لسانی، علاقائی اور عنصری عصبیات، جنسی تشدد، عریانیت و فحاشی اور بے حیائی اور بے شرمی جمہوری اقدار کی پامالی، عورتوں کی اہانت، لڑکی ہونے کی وجہ سے شکم مادر میں جنین کشی شراب نوشی، منشیات کی کثرت اور آلودگی کا پھیلاؤ جیسے برائیوں کو وقع پذیر نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہ اسلام دین رحمت ہے یہ تشدد کا دین نہیں ہے اسلام اپنے اخلاق و کردار سے پھیلا ہے وہ انسانی جان و مال اور عزت و آبرو کا محافظ ہی نہیں ہے بلکہ وہ چرند پرند کے حقوق کا بھی نگہبان ہے۔ مولانا عبداللہ مغیثی نے کہا کہ ان دنوں ہمارا ملک بڑے مشکل دور سے گزر رہا ہے بعض طاقتیں دوسروں کو محروم کرنا چاہتی ہیں لیکن ان کو معلوم نہیں کہ یہ آزمائشیں ہمیں مزید آگے بڑھنے کا حوصلہ بخشتی ہیں انہوں نے امن عالم کانفرنس کے انعقاد پر کنوینر قاری مصطفی کو دلی مبارکباد پیش کی پیرجی حافظ حسین احمد نے اللہ سے دعا کی کہ ہندوستان کو امن کا گہوارہ بنائے۔ اور تمام شہریوں کی حفاظت فرمائے! صوفی معین الدین کی زیرسرپرستی منعقد کانفرنس کی صدارت مولانا عبداللہ مغیثی نے فرمائی، جبکہ مہمان خصوصی کے طور پر پیرجی حافظ حسین احمد، الحاج عتقق احمد خانقاہ رائپور، ڈاکٹر پرکاش مہرا، کرم جیت سنگھ وغیرہ موجود رہے اس موقع پر دارالعلوم کے استاذ مولانا توقیر، مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی، ضلع صدر آل انڈیا ملی کونسل، مولانا ریاض ڈرائیور، قاری الیاس پیپلی مزرعہ، قاری جنید، قاری ذیشان، قاری الیاس پوؤنٹی، مولانا علی حسن مظاہری، مولانا عارف، قاری جابر، قاری طالب وغیرہ موجود رہے۔ قاری مصطفی کنوینر کانفرنس نے آنے والے تمام مہمانان کرام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا!