سپریم کورٹ کافیصلہ بابری مسجدکی ملکیت سے متعلق نہیں ہے،مقدمہ پرکوئی اثرنہیں پڑے گا فیصلہ پرپیچ ،مسلم پرسنل لابورڈقانونی جائزہ کمیٹی کی میٹنگ میں فیصلے کاتفصیلی جائزہ لے گا

نئی دہلی27ستمبر(آئی این ایس انڈیا)بابری مسجدکے سلسلہ میں سپریم کورٹ میں جو مقدمہ چل رہا تھا اس کا فیصلہ آگیا مگر یہ فیصلہ بابری مسجد کی حقیت کے معاملہ پر نہیںہے۔ حقیت کا مقدمہ جو سپریم کورٹ میں چل رہا ہے اس پرسماعت کی تاریخ ۲۹؍اکتوبر ۲۰۱۸ء متعین کی گئی ہے، ان خیالات کا اظہار آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری حضرت مولانا محمد ولی رحمانی صاحب نے اپنے اخباری بیان میں فرمایا۔ انہوں نے مزید فرمایا کہ چند دنوں میں نئے چیف جسٹس آجائیںگے اور وہ سپریم کورٹ کی بنچ کو متعین کریںگے اور اس بنچ کے سامنے پورے مقدمہ کی سماعت ہوگی۔ جہاںتک سپریم کورٹ کے آج کے فیصلہ کا تعلق ہے وہ پرپیچ ہے اور اس کی تفصیلات پر قانون دانوں سے مشورہ کیا جارہا ہے اس موضوع پر قانونی جائزہ کمیٹی کی میٹنگ بھی ہوگی اور فیصلہ کے مندرجات پر تفصیلی غور و فکر کیا جائیگا اور پھر کوئی فیصلہ کیا جائیگا۔بورڈکے سکریٹری ظفریاب جیلانی اوررکن عاملہ مولاناخالدرشیدفرنگی محلی نے بھی اپنے بیان میں کہاہے کہ آج کے فیصلے کابابری مسجدکی ملکیت سے کوئی تعلق نہیں ہے اورآج کے فیصلے کااس معاملے پرکوئی اثرنہیں پڑے گا۔