جامعہ ہمدرد ریسیڈینشیل کوچنگ اکیڈمی (نئی دہلی) : یو پی ایس سی و دیگر مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کا ایک اہم مرکز
مومن فہیم احمد عبدالباری
لیکچرر صمدیہ جونیر کالج، بھیونڈی
جامعہ ہمدرد ، دہلی کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے۔ اس کی حیثیت ایک ڈیمڈ ٹو بی یونیورسٹی (Deemed to be University) کی ہے۔ اس کا قیام ۱۹۸۹ ء میں حکومت ہند کی وزارتِ انسانی وسائل کے ذریعے ہوا۔یونیورسٹی ، ہمدرد کالج آف فارمیسی، ہمدرد طبی کالج اور دیگر ہمدرد انسٹی ٹیوشنس پر مشتمل ہے جہاں نرسنگ ، میڈیکل اور اسلامک اسٹڈیز کے کورسیس جاری ہیں۔ یہ تمام ادارے اپنی ایک مسلمہ شناخت رکھتے ہیں اور تعلیم و تحقیق کے شعبے میں انفرادی حیثیت کے حامل ہیں۔ جامعہ ہمدرد ، حکیم الامت حکیم عبدالحمید صاحب کے خوابوں کی تعبیر ہے جو اس کے بانی بھی ہیں۔ جنھوں نے اپنے ’’ہمدرد دواخانے‘‘ کے منافع کی رقم کو قوم کی تعلیمی ترقی ، ترویج و اشاعتِ علم کے لیے مختص کردیا تھا۔ آج انہی کی اعلیٰ سوچ اور دور اندیشی نے ملک کو ایک معیاری جامعہ عطا کیا۔ یونورسٹیوں کو ان کی کارکردگی، انفراسٹرکچر ، تعلیمی معیار کی بنیاد پر رینکنگ دینے والا ادارہ نیشنل اسیسمنٹ و اکریڈیشن کاؤنسل(NAAC) نے جامعہ کو ’’اے(A)‘‘ گریڈ عطا کیا ہے۔ جامعہ کے مختلف شعبوں میں تیس سے بھی زائد قومیت کے طلبہ زیورِ تعلیم سے آراستہ ہورہے ہیں۔
جامعہ ہمد رد ریسیڈینشیل کوچنگ اکیڈمی : ایک تعارف : اس کوچنگ اکیڈمی کاقیام ستمبر ۲۰۰۹ ء میں وزارتِ انسانی ، حکومتِ ہند کے ذریعہ اور یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کی مالی اعانت کی بناء پر ہوا۔ اس اکیڈمی کا بنیادی مقصد اقلیتوں ، ایس سی /ایس ٹی اور خواتین امیدواروں کو مسابقتی امتحانات کی تیاری اور حکومتی ملازمتوں کے لیے تیار کرنا ہے۔ تعلیمی وسائل ، رہنمائی و مشاور ت کے ساتھ امیدواروں کی شخصیت سازی کرنا اس کے اہم مقاصد میں سے ایک ہے تاکہ امیدوار مختلف حکومتی خدمات کے لیے اپنے آپ کو اہل ثابت کرسکیں۔
انفراسٹرکچر و سہولیات : یہ کوچنگ اکیڈمی جامعہ ہمدرد کے مرکزی کیمپس ،نئی دہلی میں واقع ہے جہاں تعلیمی وسائل، کشادہ کلاس رومس، لائبریری، کمپیوٹر لیب اور دیگر تمام سہولیات میسر ہیں جو ایک پُرسکون تعلیمی ماحول فراہم کرسکیں۔
تعلیمی سرگرمیاں : اس کوچنگ اکیڈمی میں منتخب امیدواروں کو دس مہینے کی منظم اور سخت تربیت دی جاتی ہے۔امیدواروں کی کارکردگی کی جانچ کے لیے باقاعدہ ٹیسٹ لیے جاتے ہیں ۔ کامیاب سول سرونٹس کے انٹرایکٹیو سیشن کا انعقاد کیا جاتا ہے ۔ امیدواروں کے درمیان گروپ ڈسکشنس اور بحث و مباحثہ منعقد کیا جاتا ہے تاکہ زباندانی کی مہارتوں کو فروغ دیا جاسکے۔
لائبریری و ہاسٹل : اکیڈمی میں منتخب امیدواروں کو تعلیمی وسائل کی فراہمی کے لیے مختلف اخبارات و میگزین، رسائل و جرائد، انٹرنیٹ کی سہولت اور سول سروسیس کے نوٹس لائبریری میں دستیاب ہیں لائبریری ہفتہ کے تمام دنوں میں روزانہ بیس (۲۰) گھنٹوں کے لیے کھلی رکھی جاتی ہے۔ رہائش اور کھانے کے لیے منتخبہ امیدواروں کو دس مہینے کی تربیتی مدت کے لیے ہاسٹل اور مطبخ (Mess) کی سہولت حاصل ہوتی ہے۔
وظیفہ (Stipend) : اس پروجیکٹ کے تحت منتخبہ امیدواروں میں سے بیس فیصدی امیدواروں کو میرٹ کم مینس کی بنیاد پر ماہانہ دو ہزار روپئے وظیفہ بھی دیا جاتا ہے۔ وظیفہ کے حصول کے متمنی امیدوار کو تحصیل دار سے تصدیق و جاری شدہ آمدنی کا تصدیق نامہ (Income Certificate)مہیا کرنا لازمی ہے۔ یہ وظیفہ دس ماہ کی مدت کے لیے دیا جاتا ہے۔
ریسیڈ ینشیل کوچنگ میں داخلے کا طریقہ کار : جامعہ ہمدرد ریسیڈینشیل کوچنگ اکیڈمی میں داخلہ کا طریقہ ’’قومی سطح کا تحریری امتحان(National Level Written Test ‘‘ ہے۔ یہ امتحان جامعہ ہمدرد یونیورسٹی کیمپس، نئی دہلی میں منعقد کیا جاتا ہے۔تحریری امتحان کے علاوہ امیدواروں کو گروپ ڈسکشن اور پرسنل انٹرویو کے مرحلے سے بھی گذرنا پڑتا ہے۔ قومی سطح کا یہ تحریری امتحان دو پرچوں پر مشتمل ہوتا ہے۔
پرچہ اول (مضمون نویسی) : پرچہ اول کے تحت امیدوار کو دیے گئے عنوان پر انگریزی یا ہندی میں ایک مضمون لکھنا ہوتا ہے۔
پرچہ دوم (جنرل اسٹدیز) : پرچہ دوم ۱۰۰(سو) کثیر متبادل جوابات (ملٹی پل چوائس) پر مشتمل تاریخ، جغرافیہ، ہندوستانی معیشت و سیاست،آئین ہند، ادب و ثقافت، سائنس و ٹیکنالوجی، قومی و بین الاقوامی کے حامل حالاتِ حاضرہ ، منطقی جواز(لاجیکل ریزننگ)و تجزیاتی اہلیت (انالیٹیکل ایبیلیٹی)، عام ذہنی لیاقت و مقداری رجحان جیسے مضامین کا احاطہ کرتا ہے۔
پرچوں کا وقت اور مارکس : پرچہ اول (مضمون نویسی ) 10.00 a.m. to 11.00 a.m. ایک گھنٹہ ۱۰۰ مارکس
پرچہ دوم (جنرل اسٹڈیز) 11.15 a.m. to 01.15 p.m. دو گھنٹے ۳۰۰مارکس
(منفی مارکنگ : ہر غلط جواب پر ایک تہائی منفی مارکس ہیں۔ یعنی تین غلط جواب پر ایک مارکس نفی ہوگا۔)
نوٹ : تحریری امتحان کامیاب ہونے والے امیدواروں کو پرسنل انٹرویو کے لیے طلب مدعو کیا جائے گا۔ تحریری امتحان اور انٹرویو جامعہ ہمدرد، نئی دہلی میں ہوں گے۔
اہلیت (Eligibility) : خواہشمند امیدواروں کے لیے لازمی ہے کہ وہ ملک کی کسی بھی مسلمہ یونیورسٹی سے گریجویشن (بی اے ، بی کام، بی ایس سی، بی فارم، بی ٹیک، بی ای وغیرہ یا اس کے مساوی گریجویشن) مکمل کرچکے ہوں۔
شرائط و ضوابط : (۱) ۲۰۱۹ ء بیچ کے لیے منتخبہ امیدواروں کے لیے لازمی ہوگا کہ وہ تمام کلاسیس، ٹیسٹ سیریز اور اکیڈمی کی دیگر سرگرمیوں میں شریک ہوں۔ اکیڈمی کے ٹیسٹ میں پچہتر فیصد (75%) سے کم شریک امیدواروں کا داخلہ منسوخ کردیا جائے گا۔ (۲) ایسے امیدوار جو کسی اور تعلیمی ادارے سے کل وقتی یا جز وقتی کوئی کورس کررہے ہوں یا کسی ادارے میں ملازمت کررہے ہوں انھیں اکیڈمی میں داخلہ نہیں دیا جائے گا۔ (۳) منتخبہ امیدواروں کو اپنی روزانہ حاضری اکیڈمی کے دفتر میں درج کرانا ہوگی۔ ماہانہ ساٹھ فیصد حاضری لازمی ہے۔ ہر سہ ماہی پر حاضری کا جائزہ لیا جائے گا اور ساٹھ فیصد سے کم حاضری پر داخلہ منسوخ کردیا جائے گا۔
درخواست کا طریقہ کار اور اہم تاریخیں : (۱) درخواست فارم صرف آن لائن جامعہ کی ویب سائٹ www.jamiahamdard.edu پر بھرنا ہے۔ (۲) فارم بھرنے کی مدت ۷؍ستمبر۲۰۱۸ ء تا ۸؍اکتوبر ۲۰۱۸ ء تک ہے۔ (۳) ۱۵؍اکتوبر ۲۰۱۸ ء کو امیدوار اپنے ہال ٹکٹ ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ (۴) اہلیتی امتحان جامعہ ہمدرد کیمپس دہلی میں ۳؍نومبر ۲۰۱۸ ء کو ہوگا۔ (۵) ۱۳؍نومبر ۲۰۱۸ ء کو اہلیتی امتحان کے نتائج ظاہر کیے جائیں گے۔ (۶) ۱۹، ۲۰، ۲۲ نومبر۲۰۱۸ ء کو پرسنل انٹرویو منعقد کیے جائیں گے۔ جبکہ حتمی نتائج اور منتخبہ امیدواروں کی فہرست ۲۷؍نومبر۲۰۱۸ ء کو ظاہر کیے جائیں گے۔ (۷) ۲۸؍نومبر۲۰۱۸ ء تا ۴؍دسمبر ۲۰۱۸ ء کے درمیان منتخبہ امیدواروں کو داخلہ لینا ہوگا۔ جبکہ تعارفی کلاسیس کا آغاز ۵؍دسمبر۲۰۱۸ ء کو ہوگا۔ اہلیتی امتحان کی درخواست فیس ۲۰۰ روپئے (سروس چارج اضافی) ہے ۔
آن لائن بھرنے کا طریقہ : خواہشمند امیدوار درج بالا ویب سائٹ پر جائیں اور Links میں جامعہ ہمدرد ریسیڈینشیل کوچنگ پر کلک کریں۔ یا پھر براہِ راست دی گئی لنک پر جائیں https://admissions.jamiahamdard.edu/ اور اسکرین کے دائیں جانب Apply Now پر کلک کریں اس کے بعد اپنی تفصیل درج کریں۔ آپ کو رجسٹریشن آئی ڈی اور رجسٹرڈ ای میل اور موبائیل پر OTP حاصل ہوگا جس کی مدد سے اپنا نیا پاس ورڈ سیٹ کریں اور آگے کی تفصیل بھریں ، اپنا فوٹو ، دستخط اور ضروری دستاویزات اپلوڈ کریں۔ فائنل Submission سے قبل ایک بار تمام تفصیلات کی جانچ کرلیں اور ویب سائٹ پر دی گئی ہدایات فالو کریں۔
فیس و دیگر اخراجات : منتخبہ امیدواروں کو داخلے کے وقت دس مہینے کی مکمل تربیت کے لیے داخلہ چارجس کے لیے ۵۰۰ روپئے، مینٹیننس چارجس فی ماہ دو ہزار کے حساب سے دس مہینے کے بیس ہزار روپئے اور مکمل مدت کے لیے وائے فائے چارجس دو ہزار روپئے اس طرح دس مہینے کی مکمل تربیت کے لیے بائیس ہزار پانچ سو روپئے یکمشت بھرنے ہوں گے۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی کے اصو ل و ضوابط کے مطابق ہاسٹل اور مطبخ(Mess) کی سہولت حاصل ہوگی۔ تمام منتخبہ امیدواروں کو مطبخ(Mess) کی سہولت لازمی طور پر قبول کرنی ہوگی اور ہاسٹل کے اخراجات ادا کرنے ہوں گے۔
رابطہ : جامعہ ہمدرد ریسیڈینشیل کوچنگ اکیڈمی ، جامعہ ہمدرد، نئی دہلی 110 062 فون نمبر 011-26059686 ایکسٹینشن نمبر 5749
ویب سائٹ : www. jamiahamdard.edu ای میل :jhrca@rediffmail.com اور jhrca@jamiahamdard.ac.in
بھیونڈی میں رہنمائی ، مشاورت و آن لائن فارم بھرنے کے لیے خواہشمند امیدوار مومن فہیم احمد 9970809093 اور مومن فیاض احمد 9890476581 سے رابطہ کرسکتے ہیں۔
مومن فہیم احمد عبدالباری
لیکچرر صمدیہ جونیر کالج، بھیونڈی
9970809093
mominfahim@rediffmail.com