کیرالا سیلاب زدگان کی راحت رسانی میں مصروف ملک کی قدیم ملی تنظیم جمعیۃ علماء ہند کے تینوں ریلیف زون کے ذریعہ اب تک پانچ کروڑ روپے سے زیادہ کی ریلیف تقسیم

کوچی ۔ ۱۷؍ستمبر
کیرالا سیلاب زدگان کی راحت رسانی میں مصروف ملک کی قدیم ملی تنظیم جمعیۃ علماء ہند کے تینوں ریلیف زون کے ذریعہ اب تک پانچ کروڑ روپے سے زیادہ کے سامان اشیاء خورد و نوش، فیمیلی کٹس وغیرہ تقسیم کیئے جاچکے ہیں۔ سیلاب کے ابتدائی دنوں میں جمعیۃ علماء ہند کے صدر محترم امیرالہند حضرت مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری دامت برکاتہم، جانشین فدائے ملت و ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند مولانا سید محمود اسعد مدنی مدظلہ کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں راحت رسانی کے لئے شروع کئے گئے کاموں سے کیرالا سیلاب متاثرین کے درمیان کارکنان و ذمہ داران کمیٹی نے انتہائی منظم انداز میں کام کر کے حقیقی متاثرین تک ملت اسلامیہ ہند سے ملی امداد کو پہنچانے کی بھرپور کوشش کی ہے۔
ابتدا میں ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود مدنی نے اپنے دورہ کے بعد بنائی گئی کمیٹی کے افراد کو ضروری ہدایات کے ساتھ متاثرہ علاقوں میں صفائی، الیکٹرک فٹنگ، پلمبنگ ،ریپیرنگ، اور کنویں کی صفائی کی طرف بھرپور توجہ دلائی جس کے سبب جمعیۃ علماء ہند کی کیرالا ریلیف کمیٹی کے کارکنان و والینٹیرس نے اس ضمن میں مکمل توانائی صرف کی ،اسی کے ساتھ متاثرین سیلاب اور انتظامیہ نے بھی پورا تعاون دست دراز کیا جس کے نتیجے میں سیلاب کے اثرات علاقے سے زائل ہوگئے، ریلیف کے کاموں میں ملک بھر میں لوگ متوجہ ہوئے اور جمعیۃ علماء ہند کی مختلف صوبائی یونٹوں نے بھی یہاں پہنچ کر دورہ کیا متاثرین سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے درمیان ضروریات زندگی کے سامان اور نقد رقومات بھی تقسیم کیں، ابتدائی ایام سے جمعیۃ علماء ہند کی تمل ناڈو یونٹ اور کرناٹکا یونٹ پوری طرح سرگرم عمل ہے اور کیرالا جمعیۃ ریلیف کمیٹی کے ارکان کی مکمل رہنمائی و تعاون میں مصروف ہے، مفتی افتخار قاسمی صدر جمعےۃ علماء صوبہ کرناٹک، مفتی شمس الدین بجلی قاسمی جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء صوبہ کرناٹک مسلسل ذمہ داران ریلیف کمیٹی کی رہنمائی اور ان خدمات کو بہتر انداز میں انجام دینے کی طرف متوجہ کرتے ہوئے رابطہ رکھے ہوئے ہیں اس دوران ریلیف کمیٹی کے کوآرڈینیٹر اور مرکزی سیکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی بھی اپنی خدمات کو برابر انجام دے رہے ہیں۔
ریلیف کمیٹی کے کنوینر مولانا محمد سفیان صاحب مہتمم دارالعلوم حسینیہ کایم کولم،اور سینٹرل زون کے ذمہ دار مولانا محمد ابراہیم مہتمم دارالعلوم کوثریہ آلوا ،مولانا محمد مجیب ،مولانا محمد راشد ،حاجی عبدالمجیدصاحبان (ذمہ داران کالی کٹ زون)کی اطلاعات کے مطابق جمعیۃ علماء ہند کی خدمات سے کیرالا سیلاب متاثرہ علاقے کے لوگ کافی راحت محسوس کرتے ہوئے ممنون و مشکور ہیں، جمعیۃ علماء ہند کی گجرات یونٹ کے جنرل سیکریٹری پروفیسر نثار احمد انصاری کی سربراہی میں ایک چالیس رکنی وفد کوچی پہنچا اور مختلف وفود کی شکل میں مختلف متاثرہ علاقوں کا دورہ کر کے متاثرین میں نقد رقومات کے ساتھ ضروری سامان بھی تقسیم کیا، اس وفد میں نوساری ضلع، سورت ضلع،آنند ضلع،پٹن ضلع بناس کانٹھا،رکھیال احمدآبادضلع، وغیرہ کے عہدیداران جمعیۃ علماء شامل تھے، اس سلسلے میں ایک گروپ عبدالرزاق بھائی مانگرول، حاجی خادم لال پوری، ایک گروپ اقبال بھائی عثمانی نوساری، مولانا محبوب عالم احمدآباد، مفتی ارشد قاسمی احمدآباد، مفتی اسجد قاسمی احمدآباد، عتیق الرحمن قریشی وغیرہ کی سربراہی میں مختلف علاقوں میں دورہ کر کے متاثرین کے مکانات و علاقوں کا جائزہ لیتے ہوئے سروے کیا اور اپنی رپورٹ ریلیف کمیٹی کے ذمہ داران کو پیش کیا، گودھرا جمعیۃ علماء کی گیارہ رکنی ٹیم نے بھی اپنے طور پر متاثرہ علاقوں میں دورہ کر کر کے امداد تقسیم کی، ان تمام ذمہ داران نے جمعیۃ علماء ہند کے کیرالا سیلاب متاثرین کی بازآبادکاری پروجیکٹ میں شامل ہوکر مکانات کی تعمیر نو اور مرمت کے کاموں میں بھی بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے، جمعیۃ علماء ہند کے مرکزی آرگنائزر مولانا شفیق احمد القاسمی مالیگانوی جو ایک ہفتے سے کیرالا میں قیام پذیر ہیں نے بتایا کہ متاثرین کے درمیان ریلیف ورک بہت تیزی اور اطمینان کے ساتھ جاری ہئے، متاثرین بھی سامان حاصل کرنے میں پوری سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہیں اور اتنے سامان پر اکتفا کرتے ہیں جتنے میں ضرورت پوری ہو جائے، ریلیف کمیٹی کے ذمہ داران ضرورت کے مطابق سامان کی خریداری فیکٹریوں سے مارکیٹ سے کم قیمتوں میں حاصل کر رہے ہیں ساتھ ہی ابتدائی دنوں میں کئی علاقوں سے سامان کی شکل میں بھی امداد بڑی مقدار میں موصول ہوئی ہے حالیہ دنوں میں جمعےۃ علماء نیپانی کرناٹک کی جانب سے ایک بڑا ٹرک مال اشیاء ضروریہ اورجمعیۃ علماء سورت کی جانب سے بذریعہ ٹرین نئے ریڈی میڈ کپڑوں کے گانٹھ پہنچے تو تامل ناڈو جمعیۃ علماء کی طرف سے فیمیلی برتن سیٹ (کچن سیٹ) ایک ہزار کٹ کارٹون بکس موصول ہوا اس میں موجود ایک سیٹ کی قیمت بائیس سو روپیہ ہئے جو پینتیس سے زائد برتنوں پر مشتمل ہے، اس سامان کے ساتھ تمل ناڈو جمعیۃ علماء کا ایک موقر وفد مفتی ابوالحسن قاسمی دامت برکاتہم مدراس کی سربراہی میں کوچین پہنچا جس میں حاجی محمد حسن، حاجی محمد رضوان، حاجی محمد رفیق صاحبان شامل تھے ان حضرات کے ہاتھوں آلووا کے قریب کنجننی کارادیہات میں متاثرہ پچاس خاندانوں کے درمیان یہ کٹیں تقسیم کی گئی اس موقع پر حاجی عبدالکریم عبدرحمن کے مکان پر تمام متاثرین جمع ہوئے جہاں سے سامان کی تقسیم امام مسجد مولانا عبدالجلیل قاسمی کی نگرانی میں عمل میں لائی گئی، اس موقع پر مولانا محمد ابراہیم مہتمم دارالعلوم کوثریہ آلوا و کنوینر جمعیۃ علماء ہند سینٹرل ریلیف کیمپ، مرکزی آرگنائزر مولانا شفیق احمد القاسمی مالیگانوی بھی شریک تھے مفتی ابوالحسن قاسمی صاحب کی دعا پر مجلس ختم ہوئی،ایک ہزار سیٹ میں پانچ سو کایم کولم کے مرکزی کیمپ دارالعلوم حسنییہ سے تقسیم کئے جارہے ہیں۔