زندگی کے کسی بھی سفر میں آگے بڑھنے کے لئے خود اعتمادی ضروری ۔ دارالعلوم سبیل الفلاح جالے میں قاری محمد صہیب کا کلیدی خطاب ۔

جالے ۔14/ستمبر,( صحافی ارشد فیضی )
آج میں اس عظیم ادارہ میں خود کو آپ کے سامنے پاکر جو خوشی محسوس کر رہا ہوں اسے لفظوں میں بیان نہیں کر سکتا کیوں کہ سچ تو یہ ہے کہ میں نے اپنی اب تک کی سیاسی وسماجی زندگی میں جو کامیابی حاصل کی وہ انہی اداروں کی بوریوں پر بیٹھ کر اپنی زندگی کے قیمتی اوقات گزارنے کا نتیجہ ہے اور پھر آپ کے لئے فخر کی بات یہ بھی ہے کہ آپ کا تعلیمی رشتہ ایسے ادارے سے وابستہ ہے جس کی نسبت قاضی مجاہد الاسلام قاسمی علیہ الرحمہ کے نام سے متعارف اس عظیم ہستی سے ہے جس نے نہ صرف اپنی علمی و فقہی خدمات سے عالمی برادری کو متاثر کیا بلکہ اس ملک کی سیاسی وسماجی خدمات کے بے شمار ان کی ذات سے جڑے ہوئے ہیں یہ باتیں یو وا راجد کے ریاستی صدر قاری محمد صہیب نے دارالعلوم سبیل الفلاح جالے کی جانب سے منعقد استقبالیہ پروگرام میں اپنے کلیدی خطاب کے دوران کہیں پروگرام کی نظامت پیام انسانیت ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری مولانا مظفر احسن رحمانی نے کی اور مدرسہ کے ناظم تعلیمات مولانا مفتی عامر مظہری نے ادارہ کا تعارف پیش کرتے ہوئے اپنے ادارہ میں نافذ نئے تعلیمی نصاب سے اپنے مہمانوں کو واقف کرایا جبکہ اس موقع پر پیام انسانیت ٹرسٹ کے صدر مولانا محمد ارشد فیضی قاسمی،کانگریسی لیڈر عامر اقبال،محمد صادق آرزو ،قومی تنظیم نمائندہ ایس ایم ضیا، شیخ اختر حسین جالے، محمد ارشد مرغوب پنچایت سمیتی بھوانی پور ،مولانا نصیر الدین قاسمی، مولانا نظرالاسلام، مولانا امام الدین ندوی، قاری شاہ عالم، مولانا افضل مظاہری سمیت درجنوں سیاسی وسماجی نمائندے موجود رہے یو وا راجد کے ریاستی صدر قاری صہیب نے نے سبیل الفلاح کی جانب سے اپنی عزت افزائی کے لئے اساتذہ اور طلبہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئےکہا کہ اگر آپ اپنی عملی زندگی میں خود کو ثابت کرنے کا عہد کرلیں اور یہ طے کر لیں کہ آپ کو کچھ بننا ہے تو آنے والی ہر منزل آپ کے لئے آسان ہو جائے گی لیکن اس کے لئے پہلے آپ کو اپنے والدین اور اساتذہ کے احترام کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا انہوں نے کہا کہ اساتذہ کا احترام اور زندگی کا صبر ہی آپ کو اپنی منزل تک پہونچائے گا انہوں نے کہا کہ آپ کی جد وجہد کوشش اور محنت سے کسی بھی قابل رشک اونچائی تک پہونچ سکتے ہیں لیکن اس اونچائی پر بنے رہنے کے لئے ضروری ہے کہ آپ اپنے اساتذہ اور والدین کی دعاوں کا سہارا لیں اور ان کی راہنمائیوں کو اپنے لئے مشعل راہ بنائیں ورنہ یاد رکھئے اگر آپ نے ان سے کٹ کر آگے بڑھنے کی کوشش کی تو راستے کی معمولی ٹھوکر کے بعد آپ کا سنبھلنا دشوار ہو جائے گا ،قاری محمد صہیب نے اس موقع پر مدارس کے کردار اور ملک کی آزادی میں ان کی سیاسی خدمات پر بھی گفتگو کی اور کہا کہ آپ کو یہ بات ہمیشہ یاد رکھنی چاہئے کہ ان اداروں کی بوریوں پر بیٹھنے والے علماء نے ہی آزادی کے خواب کو شرمندہ تعبیر بنایا تھامگر جب سے آپ نے اپنے رشتے کو سیاست سے کمزور کرلیا قدم قدم پر دشواریاں آپ کا مقدر بن گئی اس لئے موجودہ سیاسی منظرنامے میں اس صورت حال سے نمٹنے کے لئے آپ کو ایک بار پھر اپنی سیاسی ذمہ داریوں کو محسوس کرنا ہوگا اور آپ کو اپنے اجتماعی عمل وکردار سے یہ باور کرانا ہوگا کہ آپ اس نبی کی امت ہیں جن کی سیاسی فکر مندی نے دنیا کو اپنے سامنے جھکنے کے لئے مجبور کر دیا تھا انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کے مجموعی حالات بھلے ہی اطمینان بخش نہ ہوں مگر میں آپ سے پوری ذمہ داری کے ساتھ کہونگا کہ آپ حالات کا شکوہ کرنے کی بجائے اپنے عزم و استقلال سے ان کا رخ موڑدینے کی فکر کریں تب ہی ہندوستان میں کسی مثبت انقلاب کی امید روشن ہو سکتی ہے انہوں نے کہا کہ سیکولرزم اس ملک کی خوبصورتی ہے اور میں کہنا چاہوں کہ گنگا جمنی تہذیب کی علامت کہلانے والا یہ ملک اپنے جمہوری اقدار کے ساتھ ہی زندہ رہ سکتا ہے،اس موقع پر کانگریسی لیڈر محمد صادق آرزو نے قاری صہیب کی دارالعلوم سبیل الفلاح میں تشریف آوری پر نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ اس وقت وہ سیاست کے جس پلیٹ فارم پر وہ نئی نسل کے خوش آئند مستقبل کی علامت ہے اور مجھے امید ہے کہ ان کی سیاسی قیادت نوجوانوں کے حوصلے میں قابل ذکر اضافہ کرے گی انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت کا تقاضا یہ ہے کہ مضبوط قیادت کے ساتھ اپنی سیاسی حیثیت کو مستحکم کرنے کی کوشش کی جائے اور آنے والے وقت میں ایسے اقدامات کئے جائیں جو اطمینان بخش ہوں