بڑھتی مہنگائی سے ملک کا ہر ایک شہری پریشان اپوزیشن پارٹیوں کے بھارت بند مہم میں ملک کا ہر ایک شہری شریک ہے ۔ملی کونسل
نئی دہلی ،آمنا سامنا میڈیا : آسمان چھوٹی مہنگائی اور ہرمحاذپر حکومت کے ناکامی کے خلاف کانگریس سمیت 21 اپوزیشن پارٹیوں کے بھارت بند مہم کی حمایت کرتے ہوئے آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کہاکہ اپوزیشن پارٹیوں کا یہ احتجاج ملک کے ہر شہری کا احتجاج ہے ،اس بھارت بند مہم کو یہاں کے تقریبا ہر ایک باشندے کی حمایت حاصل ہے اور ہر ایک شہری کے دل وجذبات کی یہ ترجمانی ہے ۔
ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کہاکہ ہندوستان میں مہنگائی مسلسل آسمان چھورہی ہے ،گزشتہ چار سالوں میں چاول ،دال ،آنٹا اور ہری سبزی سمیت تمام بنیادی اشیاء کی قیمت بڑھ گئی ہے جس پر ہر ایک انسان کی زندگی کا انحصار ہوتاہے ،ان اشیاء کی قیمتوں میں ہوئے اضافہ کا سب سے برا اثر ایک غریب اور متوسط طبقے کی فیلمی پر پڑتاہے جن کیلئے دووقت کا کھانا بھی مشکل بن جاتاہے ،ان کی آمدنی اور روزگار میں اضافہ نہیں ہوتا ہے لیکن ضروری اشیاء کی مہنگائی سے ان کے روزہ مرہ کا معمول بگڑ جاتاہے ۔انہوں نے کہاکہ پٹرول اور ڈیز ل کی مسلسل بڑھ رہی قیمت سے عوام سب سے زیادہ پریشان ہے ،ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 80 کے اوپر پٹرول کی قیمت پہونچی ہے ،ڈیزل میں بھی آگ لگ چکی ہے اور اگر یہی سلسلہ رہا بی جے پی 2022 تک جسے نیو انڈیا کے بنانے کی بات کررہی ہے اس وقت پٹرول اور ڈیز کی قیمت سو کے پار ہوچکی ہوگی ۔پڑوسی ممالک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمت بہت سستی ہے ،پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافہ ہونے سے نقل وحمل ،ضروری اشیاء اور تمام ضروری سامانوں کی قیمت بھی بڑھ جاتی ہے جس کا اثر ایک عام اور غریب آدمی کے بجٹ پر پڑتاہے۔
حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو سہولت اور آسانی فراہم کرے ،مہنگائی پر کنٹرول کرے اور اشیاء کی بڑھتی قیمت پر روگ لگائے،ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کہاکہ بی جے پی جن دنوں اپوزیشن میں تھی و ہ پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی قیمت پر سب سے زیادہ ہنگامہ کرتی تھی لیکن آج کے دور میں قیمت آسمان چھونے لگی ہے تو یہ پارٹی خاموش کیوں ہے ؟کیوں عوام کے سوالوں کا جواب نہیں دے رہی ہے ؟ کیوں ملک کی جنتا سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہے ؟ کیوں مہنگائی پر کنٹرول کرنے کے بجائے مسلسل پٹرول اور ڈیز ل کی قیمت بڑھائی جارہی ہے ؟ ۔اپوزیشن پارٹیوں کا یہ احتجاجی صرف سیاسی مسئلہ نہیں بلکہ عوام کے درد ،پریشانی اور بے چینی کی ترجمانی ہے ،ملی کونسل اس بھارت بند مہم کی اخلاقی طور پرحمایت کرتے ہوئے حکومت سے اپیل کرتی ہے کہ وہ مہنگائی پر کنٹرول کرے ۔
واضح رہے کہ 10 ستمبر کو کانگریس سمیت کل 21 پارٹیوں نے بڑھتی مہنگائی کے خلاف بھارت بند مہم کے تحت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاج کیا اور بی جے پی سرکار کو ہر محاذ پر ناکام بتایا۔