نیشنل ایلیجبیلیٹی ٹیسٹ (NET) : اعلیٰ تعلیمی اداروں میں ملازمت کا پروانہ دو پرچوں پرمشتمل پہلی مرتبہ یہ امتحان آن لائن یا کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ (CBT)ہوگا۔ (مومن فہیم احمد عبدالباری ، بھیونڈی )
ہندوستان میں تعلیمی شعبہ پرائمری سے یونیورسٹی سطح تک ملازمتوں کی فراہمی کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ جدید تکنیکوں اور نئے نئے کورسیس نے اس شعبہ میں بھی روزگار کے مواقعوں میں اضافہ کردیا ہے۔ تعلیمی شعبے میں ملازمت کے لیے مخصوص مہارت اور تربیت لازمی ہے۔ ابتدائی سطح پر گریجویشن کے ساتھ ڈپلوما اِن ایجوکیشن، بیچلر اِن ایجوکیشن ، بیچلر ان فزیکل ایجوکیشن، جونیر کالج کی سطح پر پوسٹ گریجویشن کے ساتھ بیچلر ان ایجوکیشن ، ڈگری کالج سطح پر پوسٹ گریجویشن کے ساتھ نیٹ یا سیٹ کی قابلیت ہونا لازمی ہے۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی سطح پر اسو سی ایٹ پروفیسر ، اسسٹنٹ پروفیسر وغیرہ کے لیے ایک امیدوار کا ڈاکٹریٹ (پی ایچ ڈی) ہونا لازمی ہے۔ ایک تجزیے کے مطابق ہندوستان دنیا میں سب سے زیادہ تعلیم حاصل کرنے والے افراد کی فہرست میں پہلے مقام پر ہے۔ یعنی ملک عزیز میں طلبہ کی تعداد دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔ ہمارے ملک میں طلبہ کی آبادی تقریباً ۳۱۵ ملین ہے جو دوسرے نمبر پر موجود چین سے تقریباً ۶۳ ملین زیادہ ہے۔ اس کا ایک دوسرا پہلو یہ ہے کہ ہمارے ملک میں بتدریج اعلیٰ تعلیم میں انرولمنٹ کی شرح بڑھتی جائے گی اور اسی کے مطابق اس شعبے میں ملازمت کے مواقع بھی بڑھیں گے۔ ہمارے طلبہ کو بھی اعلیٰ تعلیم میں رغبت پیدا کرنی ہوگی اورتعلیمی شعبے میں اپنا مقام بنانا ہوگا۔ آئیے قومی سطح پر ڈگری کالیجز میں بحیثیت اسسٹنٹ پروفیسر اور جونیر ریسرچ فیلو شپ امیدواروں کے لیے اہلیتی امتحان کا جائزہ لیں۔ جس کے لیے ریاستی سطح پر سیٹ (State Eligibility Test) اور قومی سطح پر (National Eligibility Test) جنھیں ہم عرفِ عام میں نیٹ/سیٹ کہتے ہیں۔ نیٹ (NET) امتحان سے متعلق دیگر تفصیلات حسبِ ذیل ہیں۔
منعقد کرنے والا ادارہ : قومی سطح پر منعقد ہونے والے نیٹ(NET) امتحانات کا انعقاد ابتداء میں یو جی سی (یونیورسٹی گرانٹس کمیشن) کرتی تھی اس کے بعد سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) کو یہ ذمہ داری تفویض کی گئی۔ اب آئندہ امتحان دسمبر ۲۰۱۸ ء میں حکومت کے تشکیل کردہ خود مختار ادارے نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کے ذریعے منعقد ہوگا۔
کن امیدواروں کے لیے ہے ؟ : قومی سطح پر کسی بھی ڈگری کالج میں بحیثیت اسسٹنٹ پروفیسر ملازمت کے متمنی یا یو جی سی کی اسکیموں کے لیے جونیر ریسرچ فیلوشپ حاصل کرنے یا پھر دونوں کے خواہشمند امیدواراس امتحان میں شریک ہوسکتے ہیں۔
اہلیت ، رعایت اور مضامین : یہ امتحان ۸۴ (چوراسی) مضامین کے لیے منعقد ہوگا جس کی تفصیل ویب سائٹ www.nta.ac.in پر دستیاب ہے۔ مذکورہ مضامین میں پوسٹ گریجویٹ کامیاب طلبہ جنھوں نے ۵۵ فیصد یا اس سے زائد مارکس حاصل کیے ہیں یا پوسٹ گریجویشن کے آخری سال میں ہوں وہ درخواست دے سکتے ہیں ۔امیدوار صرف انہی مضامین کا انتخاب کرسکتے ہیں جس میں انھوں نے پوسٹ گریجویشن کیا ہے۔ اوبی سی ، ایس سی ، ایس ٹی ، معذور اور ٹرانس جینڈر امیدواروں کو ۵ فیصد مارکس کی رعایت ہوگی یعنی ایسے امیدوار وں کا پوسٹ گریجویشن میں پچاس فیصد مارکس ہوتو وہ بھی درخواست دے سکتے ہیں۔
پی ایچ ڈی ہولڈرس کو رعایت : ایسے امیدوار جن کا پی ایچ ڈی ۱۹؍ستمبر ۱۹۹۱ ء سے قبل مکمل ہوچکا ہے اگر وہ اس امتحان میں شریک ہونا چاہتے ہیں تو انھیں ۵فیصد کی رعایت ہوگی۔
امتحان کی نوعیت، طریقہ کار اور سینٹرس کی تعداد : یہ امتحان پہلی مرتبہ کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ (CBT)ہوگا۔ یعنی امتحان مکمل آن لائن ہوگا جس کے لیے ملک بھر میں ۹۱ (اکیانوے) شہروں میں امتحان کے سینٹر س ہوں گے ، شہروں کی تفصیل ویب سائٹ پر موجود ہے۔ دو پرچے ہوں گے جو ملٹی پل چوائس کے سوالات پر مبنی ہوں گے اور دونوں پرچوں کے درمیان تیس منٹ (آدھے گھنٹے)کا وقفہ ہوگا۔
پرچوں کی تفصیل : یہ امتحان دو پرچوں کے آبجیکٹیو (کثیر متبادل جوابات) پر مشتمل ہوگا۔ دونوں پرچوں کے درمیان تیس منٹ کا وقفہ ہوگا۔ دونوں پرچے کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ (CBT)ہوں گے۔ پہلا پرچہ ۵۰(پچاس) سوالات پر مشتمل ۱۰۰(سو) مارکس کا ہوگا۔ یہ ٹیچنگ اور ریسرچ اپٹی ٹیوٹ کی جانچ کے لیے ہوگا۔ جبکہ دوسرا پرچہ ۱۰۰(سو) سوالات پر مشتمل ۲۰۰(دو سو) مارکس کا ہوگا۔ دوسرا پرچہ امیدوار کے ذریعے منتخب کیے گئے مضمون کا ہوگا جس کے تمام سوالات لازمی ہوں گے۔ پہلے پرچے کا وقت ایک گھنٹہ جبکہ دوسرے پرچے کا وقت دو گھنٹے ہوگا۔
امتحان کا وقت : امسال پہلی مرتبہ یہ امتحان آن لائن منعقد کیا جارہا ہے ۔ یہ امتحان دو شفٹ میں منعقد ہوں گے۔ ۹ دسمبر ۲۰۱۸ ء تا ۲۳ دسمبر ۲۰۱۸ ء کے درمیان اتوار کے روز یہ امتحانات منعقد ہوں گے۔ صبح کی شفٹ ۳۰۔۹(ساڑھے نو) سے ۰۰۔۱(ایک) بجے اور دوپہر کی شفٹ ۰۰۔۲(دو) سے ۰۰۔۵(پانچ) بجے کی ہوگی۔ امیدوار کو کسی ایکہی شفٹ میں اپنے دونوں پرچے دینے ہوں گے۔
ٹیسٹ کی مشق (Mock Test) : نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی نے طلبہ کی سہولت کے لیے امسال آن لائن امتحان کی مشق کے لیے موک ٹیسٹ کی سہولت بھی فراہم کی ہے جو نومبر ۲۰۱۸ ء میں دستیاب ہوگی تاکہ طلبہ کو اصل امتحان کا تجربہ مل جائے اور وہ ذہنی طور پر اس کے لیے تیار ہوں۔ موک ٹیسٹ کی مزید تفصیلات عنقریب ویب سائٹ پر ظاہر کردی جائیں گی۔ جبکہ موک ٹیسٹ کے رجسٹریشن بھی جاری ہیں۔
درخواست دینے کی تاریخ : ایجنسی کی ویب سائٹ پر فارم یکم ستمبر ۲۰۱۸ ء سے بھرے جائیں گے۔ فارم اور فیس صرف آن لائن بھرنا ہے۔
فیس : جنرل امیدواروں کو آٹھ سو روپئے ، او بی سی امیدواروں کو چار سو روپئے جبکہ ایس سی ، ایس ٹی ، معذور اور ٹرانس جینڈر امیدواروں کو دو سو روپئے فیس بھرنا ہوگی۔
آخری تاریخ : درخواست دینے کی آخری تاریخ ۳۰؍ستمبر۲۰۱۸ ء ہے۔ جبکہ آن لائن فیس یکم اکتوبر ۲۰۱۸ ء تک ادا کی جاسکتی ہے۔
ایڈمٹ کارڈ ، امتحان اور نتائج : ویب سائٹ پر ۹؍نومبر ۲۰۱۸ ء سے امیدوار اپنے ایڈمٹ کارڈ(ہال ٹکٹ ) ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ آن لائن امتحانات ۹؍دسمبر۲۰۱۸ ء تا ۲۳؍دسمبر۲۰۱۸ ء کے درمیان اتوار کے دن دو شفٹ میں ہوں گے جبکہ نتائج ویب سائٹ پر ۱۹؍جنوری۲۰۱۹ ء کو ظاہر کیے جائیں گے۔
فارم بھرنے کا طریقہ کار : خواہشمند امیدوار ویب سائٹ www.nta.ac.in یا https://ntanet.nic.in پر جائیں ۔ دی گئی لنک پر کلک کریں ۔ امیدواروں کو تین اسٹیپس میں فارم بھرنا ہوگا۔ پہلا مرحلہ رجسٹریشن، فوٹو اور دستخط اپلوڈ کرنا اورامتحان کی فیس ادا کرنا۔ امیدوار New Candidate Registration پر کے باکس میں دی گئی لنک Apply for UGC-NET December-2018 پر کلک کریں۔دی گئی ہدایات بالخصوص فوٹو ، دستخط اور پاس ورڈ سے متعلق کا بغور مطالعہ کریں اور اس کے بعد بھریں۔ فیس آن لائن ، نیٹ بینکنگ، ڈیبٹ کارڈ ، کریڈٹ کارڈ کے ذریعہ ادا کی جاسکتی ہے۔امیدواروں کو امتحان کے مرکز کے طور پر چار شہروں کو منتخب کرنا ہوگا، ایجنسی اس بات کو ترجیح دے گی کہ امیدوار کے قریبی شہر میں امتحان کا سینٹر دیا جائے لیکن انتظامی امور کے تحت دور کا سینٹر بھی دیا جاسکتا ہے۔
نصاب اور امتحان کی تیاری : امتحانی مضامین کی فہرست اور نصاب انفارمیشن بلیٹین اور یو جی سی کی ویب سائٹ پر موجود ہے۔ امیدوار اپنے پوسٹ گریجویشن کے مضامین میں ہی امتحان کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ پہلا پرچہ ٹیچنگ اپٹی ٹیوٹ پر مشتمل ہوتا ہے جس کی تیاری کے لیے بی ایڈ انٹرنس یا مقابلہ جاتی امتحانات کی کتابوں ، ریسرچ اینڈ میتھڈولوجی پر مبنی کتابوں سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ بازار میں بالخصوص نیٹ اور سیٹ پرچہ اورل اور مختلف مضامین کے پرچوں کی کتابوں آسانی سے دستیاب ہیں۔ عموماً امیدوار یہ سمجھتے ہیں کہ یہ ایک مشکل امتحان ہے لیکن یاد رکھیے !اگر تیاری نہ ہو تو ہر امتحان مشکل ہے ۔
بھیونڈی میں فارم بھرنے و رہنمائی کے لیے رابطہ : مومن فہیم احمد 9970809093 ، مومن فیاض احمد 9890476581