فخامۃ الملک الحافظ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود حفظہ اللہ ومتعہ بالصحۃ والعافیۃ خادم الحرمین الشریفین و ملک المملکتہ العربیہ السعودیہ

عیدالاضحی سے چندروز قبل میڈیاکے ذریعہ یہ جانکاہ اورافسوسناک خبرملی کہ امربالمعروف والنھی عن المنکر کے خطاب کی بنیادپر فضیلۃ الشیخ صالح آل ابی طالب ( فک اللہ اسرہ ) امام وخطیب مسجدالحرام( کعبۃ اللہ شریف) کوگرفتارکرلیاگیاہے ۔یہ ایک ایسی مکروہ خبر ہے جس سے دنیابھرکےکڑوڑوں مسلمانوں کے قلوب مجروح ہوکررہ گئے۔ہندوپاک اوردیگرایشیائی ممالک کے علاوہ دنیابھر کے پرنٹ والیکٹرانک میڈیا کے ذریعہ یہ بری اورغیرمتوقع خبراس طرح عام ہوگئی ہے کہ لوگوں نے اس کو حق الیقین کادرجہ دے دیاہے اوراتفاق کی بات یہ ہے کہ جب سے یہ خبرعام ہوئی ہے امام صاحب منظر عام سے بھی غائب ہیں اوران کے رابطے اکاؤنٹ بھی بند ہیں ۔اور ستم بالائے ستم یہ کہ دنیا کے کسی بھی ملک میں قائم سعودی سفاتخانوں کی طرف سے یاخود مرکز مملکۃ العربیۃ السعودیہ کی طرف سے تادم تحریر اس گرفتاری کی تردید نہیں کی گئی ہے ۔ ہاں ہمارے ایشیائی مسلکی فرقوں میں سے ایک فرقہ مسلسل اس خبراورامام صاحب کی گرفتاری کی تردیدکررہاہے اوراسکو افواہ قراردیتے ہوئے شیعوں کی کارستانی قراردے رہاہے ۔
خادم الحرمین الشریفین!
یہ تردید غیرذمہ دارمملکت کی زبان وبیان سے اعتبارکادرجہ نہیں رکھتا۔اس کو سوائے چاپلوسی اورخوشامدپسندی کے کوئی اورنام نہیں دیاجاسکتا ۔ مملکت سعودی عربیہ کے یہ خودساختہ وکیل یہ بتانے سے قاصرہیں کہ آخرامام صاحب کس قصرمیں جاکر آرام فرمارہے ہیں کہ ہفتہ عشرہ سے ان کے سارے رابطے بندہیں ۔ خداکرے کہ خودساختہ وکیلوں کی یہ بات درست ہواورامام محترم خیروعافیت کے ساتھ آزادہوں، کسی کی قید میں نہ ہوں ۔
بہرحال! آپ کے اخلاق کریمانہ سے دنیابھرکے مسلمانوں کویہ امید ہے کہ فضیلۃ الشیخ صالح بن آل طالب حفظہ اللہ ورعاہ کوجلدسے جلد مسجدحرام کی امامت وخطابت کا شرف بخشتے ہوئے پورے عالم کی امت مسلمہ کے قلوب کی تشویش واضطراب کودورکرنے کاموقع عنایت فرمائیں گے ۔
مخدوم ومحترم!
ہم آپ کویقین دلاتے ہیں کہ مملکت توحید کی حفاظت ونصرت میں آپ کی مساعی کے ساتھ ہیں ۔ اللہ پاک ہرطرح کے شرورظاہری وباطنی سے آپ کی اورمملکت سعودی عربیہ کی حفاظت فرمائے اورآپ کی خدمات اسلام ومسلمین وحرمین شریفین کوشرف قبولیت سے نوازے آمین
والسلام
محمد شاہد الناصری الحنفی
صدر:ادارہ دعوۃ السنہ ویلفئرٹرسٹ مہاراشٹر(انڈیا)
مدیراعلیٰ : ماہنامہ مکہ میگزین ممبئی(انڈیا)