رانچی ہائی کورٹ کا فیصلہ قابل ستائش ،بی جے پی حکومت کا حقیقی چہر ہ بے نقاب ہوگیا ہے :ملی کونسل , پاپولر فرنٹ آف انڈیا پر عائد پابندی کو کالعدم قراردیاگیاہے

نئی دہلی ۔27اگست
آل انڈیاملی کونسل نے رانچی ہائی کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے جس میں جھارکھنڈ صوبہ میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا پر عائد پابندی کو کالعدم قراردیاگیاہے ۔ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے ایک پریس ریلیز جاری کرکے بتایاکہ اسی سا ل چندہ ماہ قبل ملک کی معروف فلاحی تنظیم پاپولر فرنٹ آف انڈیا پر جھارکھنڈ کی بی جے پی حکومت نے بغیر وجہ بتائی پابندی عائد کردی تھی تاہم رانچی ہائی کورٹ میں حکومت پابندی کی وجہ بتانے اور تنظیم کے خلاف کسی بھی طرح کی غیر قانونی سرگرمی ثابت کرنے میں ناکام رہی جس کے بعد رانچی ہائی کورٹ نے صوبے میں پابندی کو کالعدم قراردے دیاہے ۔
ڈاکٹر محمد منظور عالم نے بتایاکہ عدلیہ کا فیصلہ قابل ستائش اور حقائق پر مبنی ہے ۔اقلتوں ،دلتوں اور پسماندہ طبقات کو اس سے راحت ملی ہے ۔اس فیصلہ سے بی جے پی حکومت کا حقیقی چہر ہ بھی بے نقاب ہوگیا ہے کہ وہ تعصب اور نفرت کی بنیاد پر ان لوگوں کو بھی روک رہی ہے جو اچھا کام کررہے ہیں ۔ملک کی فلاح وترقی کا حصہ ہیں ۔سماج میں اصلاح اور سوسائٹی کی بہتری کیلئے کام کررہے ہیں ۔