اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا کی جانب سےعید کے موقع پر کیرالا کو شہریان مہاراشٹر کی جانب سے 10 لاکھ روپیے تحفہ

طلباء تنظیم اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا کی جانب سے کیرالا سیلاب متاثرین کے لئے مالی امداد جمع کرنے کی مہم جاری ہے. بدھ کے روز عیدالاضحٰی کے موقع پر تنظیم کے وابستگان نے عید گاہوں اور مسجدوں کے باہر اعانتیں وصول کیں. نماز کی ادائیگی کے بعد عمل میں آئی اس مہم کے ذریعے ریاست بھر سے تاحال دس لاکھ سے زیادہ کی رقم جمع کی جاچکی ہے.ملکی سطح پر ایس آئی او کی جانب سے سیلاب متاثرین کو راحت پہنچانے کی غرض سے مالی اعانت جمع کرنے کی مہم چلائی جارہی ہے. گذشتہ جمعہ کو اسی حوالے سے ریاست سے ساڑھے تین لاکھ روپے جمع کیے گئے تھے.
ایس آئی او کی مقامی اکائی شدید متاثرہ علاقوں میں دیگر این جی اوز کے ساتھ مل کر راحتی کاموں کو انجام دے رہی ہے. فی الحال ان علاقوں میں ضروریات زندگی کے سامان، طبی امداد اور بے گھر لوگوں کے سہارے کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں. اسی تناظر میں فنڈ کلیکشن کا دوسرا دور عید کے موقع پر چلایا گیا.
ایس آئی او جنوبی مہاراشٹر کے سیکریٹری جنرل رافد شہاب نے بتایا کہ”آج عید الاضحٰی کے موقع پر مہاراشٹرا کے مسلمانوں نے کیرالا کے لوگوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر تعاون کیا ہے. زائد از 100 عید گاہوں اور مساجد کے باہر تنظیم کے وابستگان نے مالی اعانتیں وصول کی ہیں. ایس آئی او نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ قربانی کے جانوروں کی چرم کے ذریعے حاصل ہونے والی رقم کو بھی سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے استعمال کیا جائے گا.”