تاریخ ہمیشہ اپنے آپ کو دُہراتی ہے: مفتی محمّد اسمٰعیل قاسمی عیدالاضحیٰ کے موقع لشکر والی عیدگاہ پر عامۃ المسلمین سے خطاب

مالیگاؤں (اشعر عبداللہ) آج ہمارے شعائر کو مٹانے کی کوشش کی جارہی ہے، مسجدوں کو بنانے پر پابندی لگائی جارہی ہے، مدارس کیلئے عرصۂ حیات تنگ کیا جارہا، مذہبی احکامات کی تعمیل سے روکا جارہا ہے، اسلام کو دیش نکالا دینے کی تیاری و کوششیں ہورہی، موجودہ حکومت طرح طرح کی شازشیں کررہی ہے ایسے حالات میں ہمیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے، ایمان والے کبھی بھی مایوس نہیں ہوتے، کسی کا اقتدار ہمیشہ نہیں رہا ہے، اقتدار آتا اور جاتا رہتا ہے، سدا کا اقتدار اور حکومت اللہ رب العالمین کی ہے. ان خیالات کا اظہار عیدالاضحیٰ کے موقع پر امام و خطیب حضرت مولانا مفتی محمّد اسمٰعیل صاحب قاسمی نے لشکر والی عیدگاہ پر عامۃ المسلمین کے روبرو کیا ہے. انہوں مزید کہا کہ تاریخ ہمیشہ اپنے آپ کو دہراتی ہے، کل ہم جہاں تھے، آج تم وہاں پر ہو، اور ان شاءاللہ ایک دن آئے گا کہ جہاں آج تم ہو، وہاں ہم رہے گے، اور ہماری جگہ تم رہو گے. موصوف نے خطاب کی ابتداء میں کہا کہ انسانی زندگی میں مختلف حالات آتے ہیں، اللہ کے نیک بندوں اور ان کے قریب رہنے والوں پر زیادہ حالات آتے ہیں، اس لئے زندگی میں حالات سے گھبرانا نہیں ہے، بلکہ اللہ کے تابع دار و فرمانبردار ہو کر زندگی گزارنا ہے. حضرت ابراھیم و اسماعیل علیھما السلام کی سیرت و زندگی ہمیں اس بات کا درس دیتی ہے کہ اللہ حکم کی تعمیل میں ہم سب کچھ قربان کرنے کیلئے تیار ہیں، اللہ نے بیوی بچے کی قربانی مانگی انہوں نے وادئ غیر ذی زرع میں بیوی بچے کو چھوڑ کر اللہ کے حکم کی تعمیل کی اور اسی طرح بیٹے کی قربانی کا وقت آیا تو انہوں نے اپنے کو اللہ کے نام پر قربان کرکے اللہ کے حکم کی تعمیل کی. آخر میں انہوں نے کہا کہ ہمیں حضرت ابراھیم و اسماعیل کے اس عمل سے یہ ثابت کرنا ہے کہ ہم اللہ کی رضا کیلئے ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہیں، ہم اس دنیا میں اپنے لئے نہیں بلکہ اللہ اور اس کے حکم کی تعمیل اور بندوں کی خیر خواہی کیلئے جیتے ہیں اگر ہم نے اس پیغام پر عمل کرلیا تو ان شاءاللہ آنے والے دن ہمارے ہوں گے. کیرالہ سیلاب زدہ متاثرین کیلئے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جمعیۃ علماء مالیگاؤں نقد ریلیف جمع کرنے اعلان کیا لہذا آپ دفتر جمعیۃ علماء اور دیگر مساجد و چوک پر جمعیت کے رضا کار ریلیف جمع کریں گے آپ اس تعاون میں ضرور حصہ لیں.

Attachments area