جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے دفتر پر رسم پرچم کشائی تقریب عمل میں آئی مولانا زین الدین خان قاسمی(صدر جمعیۃعلماء ساؤتھ ممبئی) و دیگر کا خطاب

ممبئی ۱۶؍ اگست
۷۲؍ ویں یوم آزادی کے موقع پر دفتر جمعیۃ علماء مہاراشٹر واقع امام باڑہ روڈ ممبئی۹ کے صدرگیٹ پر پرچم کشائی کے بعد مولانا زین الدین خان قاسمی( صدر جمعیۃ علماء ساؤتھ ممبئی) نے جنگ آزادی میں قربانیاں دینے والے علماء کرام و دانشوران کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ آج کا دن ہم سب کے لئے خوشی و مسرت کا دن ہے ،اور اس آزادی کو حاصل کرنے کے لئے ہمارے بزرگوں نے بڑی قربانیاں دی ہیں ،کس قدر افسوس اور تعجب کی بات ہے کہ آج وہ لوگ مدارس کے ذمہ دار وں کو یوم آزادی (۱۵؍ اگست)مناکر حب الوطنی کا ثبوت پیش کرنے کا درس دے رہے ہیں جو ۱۹۴۷ء ؁ سے پہلے انگریزوں کی کاسہ لیسی کرتے تھے اور مجاہدین آزادی کی جاسوسی کے فرائض انجام دیتے تھے،انہیں کیا معلوم کہ اس ملک کی آزادی میں مدارس سے نکلنے والے سینکڑوں نہیں بلکہ ہزاروں علماء کرام نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔
مولانا حسرت موہانی،مولانا ابو الکلام آزاد،مفتی کفایت اللہ ،شیخ الاسلام مولانا حسین احمد مدنی،مجاہد ملت مولاناحفظ الرحمٰن سیوہاروی وغیرہ نے اس ملک کی آزادی کی خاطر اپنی جوانی کے بہترین ایام جیلوں میں گذارے ہیں اور یہ سب مدرسوں سے ہی میدان جہاد میں آئے تھے۔
اس موقع پر مولانا مستقیم احسن اعظمی (صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر) مہمان خصوصی جناب محمد آصف صدیقی (نائب صدر سماج وادی پارٹی ممبئی)جناب حافظ نوشاد احمد اعظمی (صدر حج سیوا سمیتی آف انڈیا)نے بھی خطاب فرمایا ۔
آخر میں گلزار احمد اعظمی (سربراہ قانونی امداد کمیٹی جمعیۃعلماء مہاراشٹر)نے حاضرین میں مٹھائی تقسیم کی اور تقریب میں شرکت پر سبھی کا شکریہ ادا کیا ۔
اس تقریب میں مولانا یار محمد قاسمی (جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء ساؤتھ سینٹرل زون،ممبئی) عقیل احمد صدیقی (جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء بی وارڈ،ممبئی)جمعیۃ علماء مہاراشٹر اورحلال فاؤنڈیشن کا اسٹاف موجود تھا۔

(مولانا )محمد عارف عمری
ناظم شعبہ نشر و اشاعت جمعیۃ علماء مہاراشٹر