عمران مسعود کے اشتعال نے ہمیشہ بی جے پی کو ہی فائدہ پہنچایا! سلیم قریشی

سہارنپور (احمد رضا)راشٹریہ لوک دل کے سینئر لیڈر اور گنگوہ سے میونسپلٹی کا الیکشن لڑے حاجی سلیم قریشی نے حاجی اقبال سے متعلق کانگریس لیڈر عمران مسعود کے بیان کو مگرمچھ کے آنسو بتاتے ہوئے کہا کہ عمران آج کس منھ سے حاجی اقبال کے لئے افسوس کا اظہار کر رہے جبکہ سہارنپور کے لوگوں کو معلوم ہے کہ عمران نے ہمیشہ حاجی اقبال کو سیاسی و اقتصادی طور پر پریشان کیا ہے۔ عمران کے بیان سے محسوس ہو رہا ہے کہ ضرور دال میں کچھ کالا ہے جو آنے والے دنوں میں سب کے سامنے آ جائے گا۔ حاجی سلیم نے کہا کہ عمران مسعود نے کہا کہ حاجی اقبال نے بی ایس پی حکومت میں غریبوں کو ہراساں کیا سراسر جھوٹ ہے حقیقت یہ ہے کہ عمران نے ہمیشہ بی جے پی کی گود میں بیٹھ کر پردے کے پیچھے سے عوام کے محبوب لیڈروں کو ہرانے کا کام کیا ہے۔ اسمبلی انتخابات کے دوران بہٹ میں حاجی اقبال کو الیکشن ہروایا اور حال ہی میں گزشتہ سال حاجی فضل الرحمن علیگ کو میئر کا الیکشن ہرانے کا کام کیا ہے جس کی ٹیس آج بھی عوام کے دلوں میں ہے۔ حاجی سلیم نے کہا کہ عمران مسعود گھڑیالی آنسو بہاکر عوام کا بیوقوف نہیں بنا سکتے، سہارنپور کی عوام اس کی سچائی جانتی ہے کہ اس نے کبھی کسی کو آگے بڑھنے نہیں دیا ہے اور ہمیشہ اپنے مفاد کی سیاست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نے ہمیشہ ہندو مسلم کے درمیان کھائی پیدا کرنے کی کوشش کی ہے اپنے بیان سے عمران نے بی جے پی کو فائدہ پہنچایا ہے اور سیکولر قوتوں کو کمزور کرنے کا کام کیا ہے خود کانگریس کو بھی عمران کے بیان سے نقصان ہوا ہے گزشتہ لوک سبھا الیکشن میں بھی عمران مسعود کے بیان سے ملک بھر میں ووٹوں کی تقسیم ہوئی تھی جس سے بھاجپا کو فائدہ پہنچا تھا اور اب لوکسبھا الیکشن قریب آتے ہی عمران مسعود نے اس طرح کے بیان دینا شروع کر دئے ہیں جس سے فرقہ پرستوں کو فائدہ ہوگا۔ حاجی سلیم نے کہا کہ راشٹریہ لوک دل حاجی اقبال کو ہراساں نہیں ہونے دے گی اور چونکہ انہیں سیاسی سازش کے تحت پریشاں کیا جا رہا ہے اس لئے پارٹی کے کارکن اس کی مخالفت کریں گے!