جمعیۃعلماء (ارشد مدنی) کی جانب سے گونڈی میں تعلیمی وظائف کی تقسیم

ممبئی ۳۰؍ جولائی
جمعیۃعلماء مہاراشٹر کا ایک اہم میدان ہونہار اور مستحق طلباء و طالبات کو تعلیمی وظائف فراہم کرنا ہے،جس کی تحقیقات اور تقسیم مقامی یونٹوں کے توسط سے عمل میں لائی جاتی ہے،گزشتہ کل ممبئی شہر کے مسلم اکثریتی علاقہ گونڈی کی مقامی یونٹ کے دفتر پر اسکالر شپ کے چیک تقسیم کئے گئے۔
جمعیۃعلماء مہاراشٹر کی جانب سے گونڈی کے ہونہار طلبہ میں تعلیمی وظائف کے چیک تقسیم کرنے کے لئے مقامی دفتر واقع شیواجی نگر،پلاٹ نمبر21،لائن کے،روم نمبر 6،روڈ نمبر۵؍ شیواجی نگر،گونڈی ممبئی میں ایک تقریب منعقد کی گئی،جس میں جمعیۃعلماء کے عہدیداروں نے شرکت کی ۔
اس تقریب میں ذمہ داران جمعیۃعلماء کے بدست فی الحال 20طلبہ کو چیک دیا گیا ، جس میں ابتداء سے لیکر اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے طلباء شامل ہیں ۔ واضح رہے کہ امسال حلقہ گونڈی کے لئے ریاستی دفتر سے 60فارم جاری کئے گئے تھے،جن میں سے ابھی نصف کے قریب فارم خانہ پری کے بعد ریاستی دفتر میں جمع ہونا باقی ہیں ۔
ً اس موقع پرمولانا صدر عالم قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء حلقہ گونڈی ممبئی نے طلبہ اور ان کے سرپرستوں سے خطاب کرتے ہوئے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے حٓصل کرنے کے لئے کوشش کرنے کی ترغیب دی،ساتھ ہی ان کے سر پرستوں کو ان کی اچھی تربیت اور اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے رہنمائی کرنے کی تلقین کی ۔
آخر میں جمعیۃعلماء اور اس کے ذمہ داران کی بے لوث ملکی و ملی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت جمعیۃعلماء جو کام کر رہی ہے یہ قوم ہی نہیں بلکہ پورے ملک کو ترقی طرف لے جانے والا ایک مستحسن قدم ہے،اس کے لئے ہم سب کو اس تنظیم کے مشن میں بھر پور تعاون کرنے کی ضرورت ہے ۔
اس تقریب میں مقامی ذمہ داروں نے شرکت کی ،جن میں مولانا محمد اسیدقاسمی (جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء شمال مشرقی زون ،ممبئی) حافظ عبد الرشید وغیرہ قابل ذکر ہیں ۔