APCRسوامی اگنی ویش پر حملہ ملک کے دستور پر حملہ ہے‘‘   محمد اسلم غازی صدر APCR مہاراشٹر

ریاستی حکومتوں کو اس طرف سنجیدگی سے توجہ دینے اور بھیڑ کے تشدد کے خلاف سخت سے سخت قانون بنانے کی اشد ضرورت ہے۔

سوامی اگنی ویش پر ہونے والے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اے پی سی آر مہاراشٹر کے صدر محمد اسلم غازی نے کہا کہ کل جھارکھنڈ میں ایک پروگرام کے دوران بزرگ آریہ سماجی سنت ،  فرقہ وارانہ یکجہتی کے علمبردار،  بچہ مزدوری کے خلاف محاذ آرائی کرنے والےسماج سیوک سوامی اگنی ویش جی پر سماج مخالف شر پسند عناصر،  جنھیں حکومت کی پشت پناہی حاصل ہے کے ذریعے کیا گیا حملہ ملک کے سیکولر دستور پر حملہ کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جنگل راج قائم ہو گیا ہے۔ پہلے یہ حملے صرف مسلمانوں اور دلتوں پر ہو رہے تھے لیکن اب ان کے نشانے پر ہر کوئی ہے۔ لا قانونیت اور شر پسندی اس قدرر بڑھ گئی ہے کہ سپریم کورٹ کو بھی اس میں مداخلت کرنی پڑی ۔  وزیر اعظم نریندر مودی نے انہیں صرف غنڈہ عناصر کہہ کر خا موشی اختیار کر لی ورنہ اگر ابتداء میں ہی قانون ہاتھ میں لینے والوں کو سخت سزائیں دی جاتیں تو ان کے حوصلے اتنے بلند نہ ہوتے لیکن ان غنڈوں کو سزائیں دینے کی بجائے مرکزی اور ریاستی حکومتوں اور پولس کے ذمہ داران انہیں تحفظ فراہم کر رہے ہیں اور اس کے برخلاف مظلومین اور متاثرین ہی پر کیس درج کیے جا رہے ہیں ۔ اب تک بھیڑ صرف مسلمانوں اور دلتوں کو ہی نشانہ بنا رہی تھی ۔ لیکن اب بھیڑ کے حوصلے اتنے بلند ہو گئے ہیں کہ وہ سوامی اگنی ویش جیسے معمر اور بزرگ مہاتما افراد کو بھی نہیں بخشتی۔ اگر بھیڑ کے تشدد کے خلاف سخت قانون جلد از نہ بنایا گیا اور قصورواروں کو سزائیں نہ دلائی گئیں تو ملک میں لا قانونیت اور نراج پھیل جائے گا اور ملک انسانوں کے لیے نا قابل رہائش ہو جائے گا۔ یہاں صرف دہشت گرد غنڈوں کی حکمرانی ہوگی اور ہر شہری بالکل بے بس اور مجبور ہو جائے گا ۔
مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو اس طرف سنجیدگی سے توجہ دینے اور بھیڑ کے تشدد کے خلاف سخت سے سخت قانون بنانے کی اشد ضرورت ہے۔