جمعیۃ علماء مہاراشٹر کا اظہار تعزیت حضرت مولانا حافظ محمد طیب صاحب فیض آبادی(۹۰؍سال) خلیفۂ مجازشیخ الاسلام حضرت مولانا سید حسین احمد مدنی نور اللہ مرقدہ کا طویل علالت کے بعد آج بروز بدھ دوپہر2:40بجے دوران علاج دیوبند میں انتقال ہوگیا

جمعیۃ علماء مہاراشٹر کا اظہار تعزیت حضرت مولانا حافظ محمد طیب صاحب فیض آبادی(۹۰؍سال) خلیفۂ مجازشیخ الاسلام حضرت مولانا سید حسین احمد مدنی نور اللہ مرقدہ کا طویل علالت کے بعد آج بروز بدھ دوپہر2:40بجے دوران علاج دیوبند میں انتقال ہوگیا۔انا للہ و انا الیہ راجعون
مرحوم کی نماز جنازہ بعد نماز عشاء دار العلوم دیوبند کے احاطۂ مولسری میں ادا کی جائے گی،اور تدفین مزار قاسمی میں عمل میں آئے گی ،انشاء اللہ تعالیٰ
آپ کے پسماندگان میں ایک بیٹا محمد فیضی اور ایک بیٹی ہیں ۔
آپ بہت ساری خوبیوں کے حامل تھے ،آپ حافظ ،عالم اورحکیم بھی تھے ۔دار العلوم کے طلبہ آپ کے پاس عبارت کی تصحیح کے لئے آتے تھے ۔آپ مکتب نعمانیہ،دیوبند کے مالک تھے جس کے ذریعہ متعدد نادر و نایاب کتابوں کو شائع کیا ،اسی مکتبہ کے ذریعہ سے آپ نے رد المختار علیٰ در المختار المعروف شامی کو نہایت اہتمام سے شائع فرمایا۔دار العلوم دیوبند کا زمانہ طالب علمی حضرت مولانا محمد قاسم نانوتوی ؒ کے حجرہ مسجد چھتہ میں گذارا ، دورہ حدیث میں بخاری شریف میں ممتاز نمبر حاصل کرنے پر حضرت شیخ الاسلام ؒ نے حضور پاک ﷺ کے جبہ مبارکہ سے مس شدہ رومال آپ کو واوڑھایاتھا ۔آپ رمضان المبارک میں واکولہ جامع مسجد،ممبئی میں قاری محمد یونس صاحب(جو آپ کے خلیفہ مجازہیں) کے یہاں اعتکاف فرماتے تھے،جہاں ممبئی کے لوگ آپ سے فیض یاب ہوتے تھے ۔
مولانا کے انتقال پر جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے جنرل سکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی ،قاری محمد یونس چودھری نے اپنے رنج و الم کا اظہار کیا ،اور دعا فرمائی کہ اللہ رب العزت حضرت کے درجات کو بلند فرمائے،پسماندگان،متوسلین ،منتسبین اور متعلقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ساتھ ہی جمعیۃعلماء کی مقامی یونٹوں ،ذمہ داران مدارس عربیہ ،ائمہ مساجد سے مرحوم کے لئے ایصال ثواب کے اہتمام کی درخواست کی ہے ۔ (مولانا ) محمد عارف عمری
ناظم شعبہ نشر و اشاعت،جمعیۃ علماء مہاراشٹر
8087175185