روہنگیائی مہاجرین کے درمیان عید ملبوسات وراشن کٹ کی تقسیم عید سعید کے اس پرمسرت موقع پرہمیں عزم کرنا چاہئے کہ قوم مسلم سے ناداری اورمفلسی کے خاتمہ کیلئے ہم متحد ہوکر عمل کریں : حاجی مقیم قریشی

نئی دہلی5جون: سماجی کارکن حاجی محمدمقیم قریشی کی ٹیم نے آج کالندی کنج میں واقع پناہ گزینی کیمپ میں زندگی بسر کر رہے برمی مہاجرین کے لیے رمضان کریم کے مبارک موقع پرعید سعید کے ملبوسات وراشن کٹ تقسیم کی ۔اس موقع پر حاجی مقیم قریشی کے ساتھ جمعیۃ علمائے ہندریاستی سرپرست مولانا محمد عابد احمدقاسمی بھی موجودتھے ۔ حاجی مقیم قریشی نے عید کی سچی خوشی کو لوگوں سے ہمدردی اور غم گساری میں پوشیدہ بتاتے ہوئے کہا کہ عید سعید کے اس پرمسرت موقع پرہمیں عزم کرنا چاہئے کہ قوم مسلم سے ناداری اورمفلسی کے خاتمہ کیلئے ہم متحد ہوکر عمل کریں گے اور ہر اوپر والا نیچے والا کا ہاتھ تھام کراسے اپنے برابر لانے کی کوشش کرے گا۔ حاجی مقیم نے یہ بھی کہاکہ رب تعالی نے جنہیں مال و دولت سے نوازا ہے وہ ان کے آنسوپونچھیں جن کو دیکھنے والا کوئی نہیں ہے جن کا کوئی کفیل نہیں ہے ایسے لوگوں کوعید کیلئے نئے ملبوسات اور تحفے تحائف دیکرا ن کے ساتھ عید مناکر ہی ہم اپنی عید کی حقیقی مسرت وشادمانی کا احساس کرسکتے ہیں۔مولانا عابد قاسمی نے کہاکہ ماہ رمضان کریم میں مسلمان زکوۃ کا خصوصی اہتمام کریں ، کیو نکہ رب تعالی اس مہینہ ہر نیکی میں70فیصد اضافہ ہو جاتا ہے ،اسی طرح زکوۃ ادا کر نے میں مزید ثواب مستحق بنتے ہیں ۔انہوں نے اہل خیر حضرات سے اپیل کی کہ زکوۃ مستحقین تک پہنچا نے کیلئے ضروری ہے کہ صحیح تفتیش کر کے زکوۃاداکریں۔ اس موقع پرگلنازسلطانہ ،حسینہ قریشی ،نفیس قریشی ، عروج فاطمہ،تحریم ،انشرح قریشی ،محمد سہیل سمیت دیگرموجودتھے ۔