کرناٹک کے وزیر اعلی کمار سوامی کی جنتا دل ایس۔ کانگریس مخلوط حکومت کے پہلے مرحلے کی کابینہ توسیع میں جنتا دل ایس کے کم از کم نو  ممبران کو شامل کرے گی 

بنگلور5جون :
کرناٹک کے وزیر اعلی کمار سوامی نے آج کہا کہ ریاست میں جنتا دل ایس۔ کانگریس مخلوط حکومت کے پہلے مرحلے کی کابینہ توسیع میں جنتا دل ایس کے کم از کم نو ممبران اسمبلی کو شامل کیا جائے گا۔ کمار سوامی کابینہ کے پہلے مرحلے کی توسیع کے بارے میں پوچھے جانے پر یہاں کہا کہ کابینہ توسیع کے پہلے مرحلے میں جنتا دل ایس کے آٹھ سے نو اراکین اسمبلی کو شامل کیا جائے گا۔ دو سے تین جگہ خالی ہوگی۔ انہوں نے کابینہ میں نشستوں اور محکموں کی تقسیم کو لے کر جنتا دل ایس ممبران اسمبلی کے درمیان کسی بھی طرح کے اختلافات کو بھی مسترد کیا اور کہا کہ پارٹی صدر ایچ ڈی دیوگوڑا کو اگلے مرحلے کی کابینہ توسیع کے لئے مکمل آزادی دی گئی ہے۔انہوں نے نامہ نگاروں سے کہا کہ کابینہ میں نشستوں اور محکموں کے تقسیم کو لے کر ہمارے ممبران اسمبلی کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے۔ دراصل انہوں نے ممکنہ کابینہ کو منتخب کرنے کے لئے قومی صدر کو مکمل آزادی دے دی ہے۔ کمارسوامی نے یہ بھی کہا کہ قومی صدر نے تمام ممبران اسمبلی کو گڈ گورننس قائم کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہماری ممبران اسمبلی سے میٹنگ ہوئی، قومی صدر نے تمام ممبران اسمبلی کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ریاست کی ترقی اور گڈ گورننس کے ضمن میں کابینہ کے ساتھ تعاون کریں۔ غور طلب ہے کہ ایک جون کو اتحاد کے معاہدے کے مطابق کانگریس کے پاس کابینہ میں 22 نشستیں اور جنتا دل ایس کے پاس 12 نشستیں ہیں۔ کانگریس کو داخلہ، آبپاشی، صحت، زراعت اور خواتین و اطفال بہبود کامحکمہ ملاہے،جبکہ جنتا دل ایس کو خزانہ اور آبکاری، محکمہ تعمیرات عامہ، تعلیم، سیاحت اور ٹرانسپورٹ کی وزارت دی گئی۔کمیٹی کی قیادت سینئر کانگریس لیڈر اور کرناٹک کے سابق وزیر اعلی سد ارمیا کریں گے۔دریں اثنا کل ہونے والے کابینہ توسیع کے پیش نظر ریاست کے کانگریس لیڈر وزراء کی فہرست اور محکموں کی تقسیم پر پارٹی اعلیٰ کمان کے ساتھ تبادلہ خیال کے لئے نئی دہلی جا سکتے ہیں ۔