جمعیۃعلماء مہاراشٹر کی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس

آمنا سامنا میڈیا : جمعیۃعلماء ہند کی آئندہ میقات کی صدارت کے لئے حضرت مولانا سید ارشد مدنی کے نام کی سفارش
تعلیمی وظائف ،طبی امداد ،دینی تعلیمی بورڈ اور قانونی امداد کے بجٹ کی منظوری
ممبئی ۳۰؍ اپریل
جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے ریاستی دفتر واقع امام باڑہ کمپاؤنڈ ممبئی ۹ میں صبح ۳۰:۱۰؍ بجے جمعیۃعلماء مہاراشٹر کی مجلس عاملہ کا ایک اجلاس زیر صدارت حضرت مولانا مستقیم احسن اعظمی (صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر) منعقد ہوا۔حافظ مسعود احمد حسامی کی تلاوت کلام پاک سے میٹنگ کا آغاز ہوا۔اورمفتی ابو ایوب قاسمی نے سابقہ میٹنگ کی کاروائی پڑھ کر سنائی جس پر بحث و تمحیص کے بعد صدر محترم نے توثیقی دستخط ثبت کئے۔ایجنڈا کے مطابق جمعیۃعلماء ہند کی اگلی میقات کی صدارت کے لئے مجلس عاملہ نے اتفاق رائے سے حضرت مولانا سید ارشد مدنی دامت برکاتہم کے نام کی سفارش کی۔نیزسال 2018-19کے لئے تعلیمی وظائف(عصری تعلیم ) کے مد میں70,00,000/-ستر لاکھ روپیہ ،دینی تعلیمی بورڈ کے لئے 30,00,000/-تیس لاکھ روپیہ ،طبی امداد کے لئے 20,00,000/-بیس لاکھ روپیہ اور قانونی امداد کیلئے 1,00,00,000/-ایک کروڑ روپیہ کا بجٹ منظور کیا ۔تعلیمی وظائف کی تقسیم کے لئے یہ لائحہ عمل طے کیا گیا کہ درخواست فارم امیدواروں کو ریاستی دفتر سے نہیں فراہم کئے جائیں گے،بلکہ اضلاع کو دیئے جائیں گے اور اضلاع اپنے ماتحت مقامی یونٹوں کو حسب ضرورت یہ فارم دیں اور اپنی نگرانی میں ان کو پر کروائیں اور درخواست دہندہ کو یہ بات ذہن نشین کرادیں کہ فارم کو منظور کرنا یا نہ کرنا ریاستی جمعیۃعلماء کے دائرۂ اختیار کی چیز ہے۔اور اضلاع کے نمائندے ہی ان درخواستوں کو ریاستی دفتر میں جمع کرائیں ۔
اس اجلاس میں تنظیمی امور کا بھی جائزہ لیا گیا اور مختلف مقامات پر یونٹوں کی تشکیل اور جمعیۃعلماء کے دائرۂ عمل کے فروغ پر اظہار مسرت کیا گیا۔جمعیۃعلماء مہاراشر نے بہار ریلیف اور باز آبادکاری میں نمایاں حصہ لیا ہے اور اس وقت تک وہاں متعدد مقامات پر 44مکانات کی
تعمیر مکمل ہوچکی ہے۔جس کا تفصیلی حساب مولانا عبد القیوم قاسمی نے پیش کیا ۔اجلاس میں پوری ریاست سے نمائندوں نے شرکت کی جن میں مولانا مستقیم احسن اعظمی صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر، مولانا مسعود احمد حسامی (نائب صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر) مولانا حافظ محمد ذاکر صدیقی
(نائب صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر) مولانا حلیم اللہ قاسمی (جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء مہاراشٹر) گلزار احمد اعظمی (سکریٹری قانونی امداد کمیٹی جمعیۃعلماء مہاراشٹر)مفتی محمد یوسف قاسمی (خازن جمعیۃعلماء مہاراشٹر)مولانا محمد عارف عمری (ناظم شعبہ نشر و اشاعت جمعیۃعلماء مہاراشٹر) مشتاق احمد محمد صوفی(دھولیہ)مولانا عبد القیوم قاسمی(مالیگاؤں)مفتی محمد محسن قاسمی(اورنگ آباد) ،مولانا عبد الصمد قاسمی(نالا سوپارہ)
قاری محمد ادریس انصاری(پونے) ارکان عاملہ کے علاوہ مولانا عبد الباری قاسمی (مالیگاؤں) مفتی حفیظ اللہ قاسمی (ناظم تنظیم جمعیۃعلماء مہاراشٹر)حاجی محمد نثار(امراوتی) ،حاجی محمد قریش صدیقی(نوی ممبئی)،مولانا زبیر احمد قاسمی(ممبئی) بطور مدعو خصوصی شریک ہوئے ۔