بشکریہ ممبئ اردو نیوز صحافی عزیز اعجاز
ممبئی۔ ۲۲؍اپریل: (عزیز اعجاز/ممبئ اردو نیوز) موصولہ خبروں کے مطابق ایم آئی ایم کے رکن اسمبلی ایڈوکیٹ وارث پٹھان کو گزشتہ روز کرناٹک سرحد پار کرنے پر روک دیاگیا اور انہیں بندوق دکھا کر ڈراگیا اور کہاگیا کہ آپ سرحد پار نہیں کرسکتے اس پر وارث پٹھان نے کہا کہ میں کوئی دہشت گرد ہوں؟ یا کوئی خطرناک مجرم؟ جو مجھے آپ سرحد پار نہیں کرنے دیں گے۔میں مہاراشٹر کا ایم ایل اے ہوں اور یہ میرا جمہوری حق ہے کہ اس آزاد ہندوستان میں میں کہیں پر بھی آزادانہ بلاروک ٹوک سفر کرسکتا ہوں۔ لیکن سرحد کے محافظوں نے ان کی ایک نہ سنی اور تقریباً دو گھنٹے تک انہیں سرحدی چوکی میں بٹھا کر رکھا۔ بعد ازیں سرحدی محافظین کے سینئر افسران جب وہاں پہنچے تو انہوں نے اس معاملے کو حل کیا اور صرف یہ پوچھا کہ آپ اس سرحد کو پار کرکے کہاں جارہے ہیں؟ تو وارث پٹھان نے جواب دیا کہ میں اُدگیر جارہا ہوں جہاں تحفظ شریعت کی کانفرنس ہے۔ لیکن مجھے آپ کے افراد نے بلا وجہ روک کر ہراساں کیا اور بندوق کے ذریعے ڈرایا ہے۔ بہرحال یہ معاملہ سینئر افسران کی مداخلت پر رفع دفع ہوگیا اور وارث پٹھان اپنے حامیوں کے ساتھ ادگیر کے لیے روانہ ہوگئے۔