مولانا عبد الوہاب خلجی کا انتقال ناقابل تلافی نقصان ،ملت کے کاموں میں ہمیشہ پیش پیش رہتے تھے :ملی کونسل
نئی دہلی ۔13اپریل( آمنا سامنا میڈیا )
مولانا عبد الوہاب خلجی کا انتقال ملت اسلامیہ کیلئے خسارہ اور ناقابل تلافی نقصان ہے ،وہ ایک عظیم عالم دین اور حوصلہ مند قائد تھے ۔ دینی ،رفاہی اور ملی کاموں میں پوری زندگی انہوں نے اپنی صرف کی تھی۔ان خیالات کا اظہارمعروف عالم دین مولانا عبد الوہاب خلجی کے انتقال پر آل انڈیا ملی کونسل کے قومی صدر مولانا حکیم عبد اللہ مغیثی نے کیا ۔ملی کونسل کے دفتر سے جاری پریس ریلیز میں انہوں نے مزید کہاکہ مولانا ملی کونسل کے بانیوں میں شامل تھے اور ہمیشہ انہوں نے اس کاز کو آگے بڑھانے میں اپنا تعاون پیش کیا ۔ان کا انتقال پوری ملت کے ساتھ آل انڈیا ملی کونسل کیلئے بھی بڑا خسارہ ہے ۔
آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے بھی مولانا عبد الوہاب خلجی کے انتقا ل پر اپنے شدید رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ان کا انتقال ملی کونسل کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے ۔آپ ملی کونسل کے بانی رکن اور معاون سکریٹری تھے ۔آپ ہمیشہ پیش پیش اور ملت کے کاموں میں نمایاں رہتے تھے ۔مذہبی ہم آہنگی اور مسلکی یکجہتی آپ کی شناخت تھی ۔ مولانا مرحوم جماعت اہلحدیث کے مقبول عالم دین تھے اورعرصے تک مرکزی جمعیت کے ناظم عمومی بھی رہے ہیں۔ڈاکٹر محمد عالم نے مزید کہاکہ موت ایک حقیقت ہے لیکن کچھ شخصیت کی موت ایسی ہے جو بھلانا مشکل ہوتاہے ۔بلاشبہ مولانا خلجی بھی ایسی ہی شخصیت ہے جنہیں زمانہ مدتوں یاد رکھے گا ۔انہوں نے کہاکہ ہم مولانا کے وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہیں اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں ۔اللہ تعالی مولانا مرحوم کی مغفرت فرمائے ۔جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطائے فرمائے ۔آمین)
واضح رہے کہ مرکزی جمعیة اہلحدیث کے سابق ناظم عمومی معروف عالم مولانا عبد الوہاب خلجی کا آج بعد نماز جمع طویل علالت کے بعد انتقال ہوگیااور کل صبح 8 بجے دہلی گیٹ کے قبرستان میں تدفین عمل میں آئے گی ۔ذرائع کے مطابق پہلے مولانا پر پہلے فالج کا حملہ ہوا تھا۔ اس کے بعد دل کا دورہ پڑا اور پھر آپ برین ہیمیریج کا شکار ہو گئے جس کے بعد آج بعد نماز جمعہ انتقال کر گئے ۔