جانشین شیخ الاسلام حضرت مولانا سید ارشد مدنی صدر جمعیۃعلماء ہند کی خطۂ کوکن تشریف آوری

۱۷؍ اپریل کوبورلی پنجتن میں قومی یکجہتی کانفرنس ،تیاریاں زورو شور سے جاری : مولانا حلیم اللہ قاسمی
ممبئی ۱۱؍ اپریل
ملک میں قومی یکجہتی کی ضرورت اور اس کا پیغام عام کرنا ازحد ضروری ہے خواہ ملک کا باشندہ کسی بھی مسلک یا مذہب سے تعلق رکھتا ہو، ملک میں خوشگوار ماحول قائم رکھنے کیلئے ایسی کوششیں کر نا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے قومی یکجہتی کی اسی ضرورت کے پیش نظر جمعیۃ علماء مہاراشٹرنے متعدد پروگرام کئے ہیں،جس کی ایک کڑی ۱۷؍ اپریل ۲۰۱۸ء کو’’خطۂ کوکن کے بورلی پنجتن میں قومی یکجہتی کانفرنس‘‘ کے منعقد کرنے کا فیصلہ بھی ہے تاکہ ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی قائم رہے اور فرقہ پرستوں کی سازشوں کو ناکام بنایا جاسکے ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا حلیم اللہ قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء مہاراشٹر نے بورلی پنجتن اور جامعہ حسینیہ عربیہ شری وردھن کے دورے میں شرکاء کے درمیان کیا۔
جمعیۃ علماء مہاراشٹرکے جنرل سکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی نے جامعہ حسینیہ عربیہ شری وردھن کے اساتذہ کرام اور منتظمین کے درمیان تبادلہ خیال کرتے ہوئے فرمایا کہ ملک کے تمام باشندے خواہ وہ کسی بھی فرقہ یا مذہب سے تعلق رکھتے ہوں امن و اتحاد کے ساتھ ملک کی تعمیر و ترقی میں حصہ لیں تاکہ ہندستان ترقی کی راہوں پر گامزن رہ سکے۔لیکن افسوس کے ساتھ یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ خود اکثریت میں ایک طبقہ ایسا موجود ہے جو ہندوستان کو اپنی جاگیر سمجھے ہوئے ہے اور اسے یہ قطعی برداشت نہیں کہ اقلیتیں بھی امن و آشتی کے ساتھ زندگی گذارتے ہوئے ہندستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا واجبی کردار ادا کرسکیں ۔
مولانا حلیم اللہ قاسمی نے اخبارات کو جاری اپنے بیان میں کہا کہ خطۂ کوکن کے بورلی پنجتن میں جانشین شیخ الاسلام حضرت مولانا سید ارشد مدنی دامت برکاتہم صدر جمعیۃعلماء ہند کے پروگرام کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔جس کا گزشتہ کل بورلی پنچتن اور شری وردھن کے دورے پرجمعیۃعلماء مہاراشٹرکے ایک وفد مولانا حلیم اللہ قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء مہاراشٹر کی قیادت میں میدان اورانتظامی امور کا جائزہ لیا،اور اس سلسلہ میں چند رہنمایانہ مشورے دیئے ۔
اس وفد میں حافظ محمد عارف انصاری جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء ضلع تھانے وپالگھر،مولانا عبد الوہاب قاسمی صدر جمعیۃعلماء کوسہ ممبرا،مولانا ذاکر سابلے،مولانا محمد عمر وغیرہ شامل تھے۔
اس میٹنگ میں جامعہ حسینیہ عربیہ شری وردھن کے منتظمین ،اساتذہ کرام کے علاوہ مقامی ذمہ داروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جن میں مولانا امان اللہ بروٹ (مہتمم جامعہ حسینیہ عربیہ شری وردھن )مولانا ابراہیم (شیخ الحدیث جامعہ حسینیہ عربیہ شری وردھن)،مفتی نظیر، مفتی رفیق پورکر،مولانا عبد الملک (امام بورلی پنجتن)،قاضی حسین مہنکر،مولانا علی میاں،مولانا ارشاد،مولانا خالد،مولانا مدثروغیرہ قابل ذکر ہیں۔