تلوجہ جیل زدو کوب معاملہ:* دفاعی وکلاء کو سی سی ٹی وی فوٹیج مہیا کرائے جانے کے احکامات ۲۰؍ اپریل کو بحث ہونے کے بعد عدالت اس تعلق سے اپنا فیصلہ صادر کریگی، گلزار اعظمی

*
ممبئی ۱۱؍ اپریل
ممبئی کے تین مختلف مقامات ،زویری بازار، اوپیرا ہاؤس اور دادر کبوتر خانہ میں ۱۳؍ جولائی ۲۰۱۱ ؁ء ہوئے بم دھماکے 13/7 بم بلاسٹ کیس میں ماخوز ملزم ندیم اختر اشفاق احمد شیخ جسے گذشتہ دنوں تلوجہ جیل انتظامیہ نے بلا کسی وجہ کے شدید زدو کوب کیا تھاکے معاملے میں�آج عدالت نے دفاعی وکلاء کو سی سی ٹی فوٹیج مہیا کرائے جانے کے احکامات جاری کیئے اور ان سے کہا کہ وہ سی سی ٹی فوٹیج حاصل کرنے کے بعد اس کامطالعہ کریں اور عدالت کے روبرو اس تعلق سے ۲۰؍ اپریل کو بحث کریں ۔ یہ اطلاع آج یہاں ممبئی میں ملزم کو قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی نے دی۔
گلزار اعظمی نے بتایا کہ آج سیشن عدالت کے جج ایس ایم بھوسلے نے ایڈوکیٹ شریف شیخ کی درخواست پر کورٹ اسٹاف کو حکم دیا کہ تلوجہ جیل سے حاصل سی سی ٹی فوٹیج کو دفاعی وکیل کو سی ڈی میں مہیا کرائے نیز دفاعی وکیل کو حکم دیا کہ وہ اس تعلق سے اس معاملے کی اگلی سماعت یعنی کے ۲۰؍ اپریل کو عدالت کے سامنے اپنے دلائل پیش کریں تاکہ خاطی پولس افسران کے خلاف کارروائی کیئے جانے والی عرضداشت پر فیصلہ صادر کیاجاسکے ۔
واضح رہے کہ گذشتہ ماہ جب ملزم سیشن عدالت سے فارغ ہوکر تلوجہ جیل پہنچا تو ڈیوٹی پر مامور پولس افسر پاٹکالے نے اس کے ساتھ نہایت بدتمیزی کا مظاہرہ کیا اور برہنہ کرکے اس کی تلاشی لی گئی اور اس کے اعتراض کرنے پر اس کے ساتھ مارپیٹ کی گئی جس کی شکایت خصوصی مکوکا عدالت کے ساتھ ساتھ چیف جسٹس آف انڈیا، چیف جسٹس آف بامبے ہائی کورٹ ، حقوق انسانی کمیشن، جیل امور کے وزیر و دیگر متعلقہ حکام سے کی گئی تھی جس کے بعد آج عدالت نے دفاعی وکلاء کو اس معاملے کے انتہائی اہم ثبوت سی سی ٹی فوٹیج دفاع کو دیئے جانے کے احکامات جاری کیئے۔
آج عدالت میں سیکوریٹی گارڈ کی کمی کی وجہ سے تلوجہ جیل میں مقید ملزمین کو سیشن عدالت میں نہیں پیش کیا جاسکا جبکہ آرتھر روڈ جیل سے ملزمین ہارون نائیک اور زین العابدین کو پیش کیا گیا اسی طرح سے ویڈیو کانفرسنگ کے ذرریعہ دہلی کی تہاڑ جیل سے ملزم اسعد اللہ اختر و دیگر کو پیش کیا گیا۔
آج کی عدالتی کارروائی کے بعدگلزار اعظمی نے کہا کہ اب جبکہ عدالت نے دفاعی وکلاء کو سی سی ٹی فوٹیج مہیا کرائے جانے کے احکامات جاری کیئے ہیں دودھ کا دودھ کا اور پانی کا پانی ہوجائے گا نیز اس سے قبل بھی تلوجہ جیل انتظامیہ کی اس طرح کی حرکت کی عدالت سے شکایت کی گئی تھی لیکن سی سی ٹی فوٹیج نہیں ہونے کہ وجہ سے خاطی پولس افسران پر کارروائی نہیں ہوسکی تھی لیکن اس معاملے میں انہیں امید ہیکہ عدالت سخت فیصلہ صادر کریگی تاکہ جیل عملہ آئندہ ایسی حرکت نہیں کریگا۔
دوران کارروائی آج عدالت میں جمعیۃ علماء کی جانب سے ایڈوکیٹ شاہد ندیم، ایڈوکیٹ افضل نواز، ایڈوکیٹ شروتی ودیہ، ایڈوکیٹ دھارا مہتا و دیگر موجود تھے۔
جمعیۃ علماء مہاراشٹر