ریاض:9؍اپریل (ذرائع) سعودی عرب کی شاہی حکومت کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنانے پر امام کعبہ شیخ سعود الشریم کا ٹوئیٹر اکاؤنٹ بند کر دیا گیا ہے ۔
شیخ سعود الشریم نے مملکت کے چند سیاسی اور سماجی مسائل پر حکومت کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے غیر اسلامی قرار دیا تھا۔قابل ذکر ہے کہ سعودی ولی عہد محمدبن سلمان ان دنوں مملکت میں سنیما ہال،ساحل سمندر پر ریزارٹ اور دیگر متعدد متنازع اقدامات کر رہے ہیں ۔
خیال رہے کہ شیخ سعود الشریم ۱۹۶۴ء میں ریاض میں پیدا ہوئے او رمتعدد تعلیمی عہدوں پر فائزہونے کے بعد ام القریٰ یونیورسٹی کے ڈین بھی رہے ۔وہ مکہ مکرمہ کے فاضل جج بھی ہیں۔
شریم اپنے جرات مندانہ موقف کے لئے مملکت اور باہر بھی مشہور ہیں۔اور قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔جب کہ حرم شریف کے ان کے ساتھی امام شیخ عبدالرحمان السدیس کو سعود ی کے شاہی خاندان کی پالیسیوں کا حامی سمجھا جاتا ہے.