احمد آباد میں آگ لگنے سے ۳۰۰ غریب مسلم خاندان بے گھر* *جمعیۃ علماء احمد آباد نے ضرورت مندوں کے درمیان کپڑے ، سلائی مشین، واٹر ڈرم اوررکشہ گاڑی تقسیم کیے

صحافی ۔۔۔۔ آمین الرشید

احمد آباد 8ٗ اپریل 2018 :جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹر ی مولانا محمود مدنی کی ہدایت کے مطابق آج یہاں احمد آباد میں چندولہ تالاب شاہ عالم آگ زنی کے متاثرین کے درمیان ۲۰؍ سلائی مشین مع موٹرس، ۱۶؍وہیل چےئر س، ۵؍پولر رکشہ ، ۵؍ ٹھیلہ گاڑی ، ۳۰۰؍ عدد پانی کے ڈرم اور پانچ سو جوڑے نئے کپڑے تقسیم کیے گئے ۔واضح ہو کہ ۲۶؍مارچ کو مشہور چشتی بزرگ سید سراج الدین محمد شاہ عالم احمد آباد کے مزار کے قریب واقع غریب مسلمانوں کی بستی چندو لہ تالات میں اچانک آگ لگ گئی تھی جس میں غریب مسلمانوں کے تین سو مکانات اور مکینوں کے اثاثے جل کر راکھ ہوگئے تھے۔

جمعیۃ علماء گجرات کے جنرل سکریٹری پروفیسر نثار احمد انصاری کی قیادت میں ایک وفد نے آگ لگنے کے فوری بعد متاثرہ علاقہ کا دورہ کرکے متاثرین کے درمیان کھانے پینے کا ضروری سامان تقسیم کیا تھا ، تاہم ان غریب لوگوں کے لیے گھر ، کپڑا اور دوبارہ کاروبار شروع کرنے کا مسئلہ انتہائی اہم ہے۔ ان حالات کے مدنظر آج ایک بار پھر جمعیۃ علماء احمد آباد کے کارکنان شاہ عالم پہنچے اور وہاں پروفیسر نثار احمد انصاری کی قیادت میں ضرورت مندوں کے درمیان مذکورہ بالا سامان تقسیم کیا۔ اس موقع پر جمعیۃ علماء ہند کے قومی سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی بھی موجو د تھے، مولانا حکیم الدین نے ضرورت مندوں کی مدد پر اطمینان کا اظہار کیا ۔

جمعیۃ علماء احمد آبا د کے صدر اور معروف عالم دین مولانا مفتی اسجد قاسمی نے بتایا کہ اس کے علاوہ ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ جلے ہوئے مکانات اور دکانوں کا سروے کرایا جائے گا اور انتہائی ضرورت مند افراد کے مکانات کی تعمیر جمعیۃ علماء کرائے گی ۔ مفتی اسجد قاسمی نے بتایا کہ آج ہماری ٹیم نے تقریبا پانچ لاکھ مالیت کی اشیاء تقسیم کی ہے تاہم یہ بھی کافی نہیں ہے ۔ انھوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ جمعیۃ علماء ان مجبور افراد کی ہر ممکن مدد کرے گی، انھو ں نے اہل خیر حضرات کو متوجہ کیا کہ وہ ان غریبوں کے مکانات کی تعمیر میں مدد کے لیے آگے آئیں ۔آج تقسیم اشیاء کے وقت جمعیۃ علماء کے جو ذمہ داران موجود تھے ان کے نام حسب ذیل ہیں: مولانا حکیم الدین قاسمی سکریٹری جمعیۃ علماء ہند، پروفیسر نثار احمد انصاری جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء گجرات، اسلم بھائی رانپ، ابرار احمد شیخ، حبیب شیخ ، تسنیم ترمذی ، حافظ بشیر احمد آرگنائزر جمعیۃ علما ء ہند، مفتی عارف قاسمی کالوپور، حافظ شوکت، مولانا راغب آفس سکریٹری جمعیۃ علماء گجرات ،احمد علی بارہ بنکوی ،انیس قریشی ، بدرالدین شیخ،قاری عبدالباسط ، رفاقت بھائی چھترال،رفیق بھائی وغیرہ ۔