ادارہ دعوت السنہ ویلفیئر ٹرسٹ مہاراشٹر کے زیر اہتمام ۲۱ویں کل ہند مسابقۃ القرآن الکریم کا آغاز, یوپی ،بہار ،بنگال ،آسام ،مہاراشٹر کے طلبہ شریک

یوپی ،بہار ،بنگال ،آسام ،مہاراشٹر کے طلبہ شریک
ممبئی ۱۰۔ مارچ (نازش ہما قاسمی) ادارہ دعوت السنہ ویلفیئر ٹرسٹ مہاراشٹر کے زیر اہتمام ۲۱ویں کل ہند مسابقۃ القرآن الکریم کا آغاز آج صابو صدیق مسافر خانے کی کانفرنس ہال میں ہوا ۔ خبر لکھے جانے تک ہندوستان کے مختلف مدارس سے تشریف لانے والے تقریبا ۸۰ طلبا شریک ہوچکے تھے ۔اس سال مسابقہ قرآن کریم میں شرکت کرنے والے طلبہ کی تعداد تقریبا دو سو ہے ـ اس مسابقہ میں مختلف ریاستوں بہار بنگال آسام یوپی مہاراشٹرا حیدرآباد وغیرہ کے طلبہ شریک ہوئے ہیں۔ ـ ادارہ کے صدر مولانا محمد شاہد ناصری نے نمائندہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ اس بار مسابقہ میں شرکت کرنے والے طلبہ کی تعداد گزشتہ سالوں کے مقابلے میں زیادہ ہے اور ایک خاص بات یہ ہے کہ صرف کم عمر طلبہ ہی نے شرکت کی اس میں متعدد طلبہ کی عمریں دس اور بارہ سال کے درمیان ہے جنہیں نے حفظ قرآن کی فضیلت ایک سے دو سال کی مدت میں حاصل کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پروگرام کا عمومی اجلاس کل بعد نماز مغرب انجمن اسلام سی ایس ٹی میں منعقد ہوگا جس میں مصر جمہوریہ کے قونصل جنرل سید تبارک حسین نائب قونصل جنرل استاذ عبداللہ صالح اور شہر کی متعدد علمی شخصیتوں کے علاوہ دانشوروں کی شرکت متوقع ہے ۔ آج کے مسابقہ میں حکم کے فرائض معہد الولی الاسلامی ہرسنگھ پور دربھنگہ کے استاذ ادب و فقہ مولانا و مفتی شافع عارفی اور مفتی حذیفہ قاسمی دارالعلوم دیوبند اور مولانا سیف الباری نے انجام دیا جبکہ ممتحن مولانا ذیشان اسلام ندوی تھے اورنظامت مولانا محمد نافع عارفی گروپ ایڈیٹر بصیرت میڈیا گروپ نے انجام دی۔ اس موقع پر بصیرت میڈیا گروپ کے چیئر.مین مولانا غفران ساجد قاسمی، آمنا سامنا کے چیف ایڈیٹر راشد عظیم حیدرآباد سے آئے ہوئے مہمان عبدالعزیز بھائی موجود تھے ۔ ـ پہلی نشست کی صدارت دارالعلوم وقف دیوبند کے رکن شوری مولانا محمد اقبال چونا والا نے کی جبکہ دوسری نشست کی صدارت مولانا حشمت اللہ قاسمی نے کی ۔یہ مسابقہ الخدم حج عمرہ زیارت مقدسہ گروپ دہلی ، ممبئی اردو نیوز اور بصیرت میڈیا گروپ کے اشتراک و تعاون سے منعقد ہورہا ہے ۔ مسابقہ قرآن کے ناظم مولانا سید اعجاز ملی نے شرکاء اور مساہمین کا شکریہ دا کیا۔ صدر مجلس استقبالیہ مولانا سید محمد عنایت اللہ رشیدی نے مسابقہ قرآن کریم کو ممبئی کی شان قرار اور ادارہ دعوت السنہ کی پہچان قرار دیا ۔ ـ