پنویل میں جمعیۃعلماء کی ایڈہاک کمیٹی کی تشکیل قاضی شہر مفتی محمد زید صاحب کنوینر نامزد 

ممبئی ۸؍ مارچ
ہندوستانی مسلمانوں کی نمائندہ تنظیم جمعیۃعلماء ہند جس کا دائرہ عمل مکمل ہندوستان ہے ،اور ریاست مہاراشٹر کے کم و بیش تیس اضلاع میں اس جماعت کا نظام قائم ہے ،جہاں پر جمعیۃعلماء کے ذمہ داران اور وابستہ افراد مختلف النوع دینی ،ملی ،سماجی خدمات انجام دیتے ہیں اوراسی کے ساتھ جمعیۃ کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کے لئے مفتی حفیظ اللہ قاسمی ناظم تنظیم جمعیۃعلماء مہاراشٹر ریاست کے اضلاع کا دورہ کر کے لوگوں کو جمعیۃعلماء کی تاریخ اورخدمات سے آگاہ کر رہے ہیں اور ان کو اس کے ساتھ منسلک ہونے کی ترغیب دے رہے ہیں ۔
اسی سلسلہ میں گزشتہ کل خطہ کوکن کے مشہور علاقہ شہرپنویل کے قلب میں واقع جامع مسجد میں حضرت مولانا حلیم اللہ صاحب قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے ایماء اور مفتی حفیظ اللہ قاسمی کی ہدایت پر جمعیۃعلماء (ارشد مدنی)کا ایک وفد پہونچا اور مقامی علماء کرام و ائمہ مساجد کے درمیان اس جماعت سے وابستگی کی تلقین کی بعد ازاں وہاں پر ایک ایڈہاک کمیٹی تشکیل دی۔اور قاضی شہر پنویل مفتی محمد زید صاحب کو کمیٹی کا کنوینر نامزد کیا اور موجودہ علماء کرام کو ان کے ساتھ مل جل کر جماعت کے کام میں بھر پور تعاون کی درخواست کی ۔
وفدمیں مولانا عبد الوہاب صاحب قاسمی صدر جمعیۃعلماء ممبرا کوسہ،مولانا محمد سعد قاسمی جوائنٹ سکریٹری ،مولانا ذاکر صابلے،ہدایت عثمان شیخ وغیرہ شامل تھے۔