جموگری ہاٹ /آسام یکم مارچ :مرکزی وزیر راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ آسام میں تشدد کا دور ختم ہو گیا ہے۔ راج ناتھ نے کہا کہ اس شمال مشرقی ریاست میں قانون و انتظامیہ کی صورتحال بہتر اور خوشگوار ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت بحث سے قائم ہوتی ہے نہ کہ بندوقوں سے۔ راج ناتھ سنگھ نے یہاں ایک پروگرام میں کہاکہ دسمبر 2014 میں میں نے کہا تھا کہ آسام کی زمین پر تشدد کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ مجھے یہ کہتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ریاست میں قانون کے علاوہ حالات میں بہتری آئی ہے اور تشدد کا دور ختم ہوا۔ آسام میں یونائیٹڈ لبریشن فرنٹ آف آسام(الفا) اور نیشنل ڈیموکریٹک فرنٹ آف بوڈو لینڈ (این ڈی ایف بی) جیسیبہت سی عسکریت پسند تنظیم مختلف مطالبات کے ساتھ کئی سالوں تک سرگرم تھیں اور ریاست میں قتل وخون کا نہ تھمنے والا سلسلہ چل پڑا تھا ۔سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم کے بیٹے کارتی چدمبرم کی کل ہوئی گرفتار کے بارے میں راج ناتھ سنگھ نے کہاکہ سی بی آئی ایک قابل اعتماد جانچ ایجنسی ہے، وہ اپنا کام کر رہی ہے اس کے علاوہ میں کوئی مزید تبصرہ نہیں کرنا چاہتا۔ سنگھ یہاں ایک تقریب کا افتتاح کرنے آئے تھے۔ انہوں نے کہاکہ میں نے کبھی بھی اس طرح کے روایتی اور تاریخی تقریب میں شرکت نہیں کی جو 220 سال پہلے شروع ہوا ہو۔ راج ناتھ سنگھ نے لوگوں سے ثقافتی ہم آہنگی برقرار رکھنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے دادا صاحب پھالکے ایوارڈ یافتہ ڈاکٹر بھوپین کا ذکر کیا اور کہا کہ وہ نہ صرف آسام کے بلکہ پورے ملک کے عظیم بیٹے تھے۔